• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMF سے مذاکرات، پاکستان کی اصلاحات اور اہداف پورے کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد (مہتاب حیدر) آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان پٹرولیم مصنوعات اور بجلی قیمتیں مرحلہ وار بڑھائے گا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت معیشت پر بوجھ کم کرنے کے اقدامات کرے گی لیکن کمزور طبقے کو محفوظ بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق، آئی ایم ایف کے 6 ارب ڈالرز پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان نے سخت اقدامات بشمول پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں مرحلہ وار بڑھانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

تاہم، پاکستانی حکام ، آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کو اس بات پر رضامند کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے کہ مہنگائی سے تنگ عوام پر بوجھ کم سے کم پڑے لہٰذا فیول سبسڈی مرحلہ وار ختم کی جائے گی۔

 دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حکام کا کہنا تھا کہ وفاقی سیکرٹری خزانہ حمید یعقوب اور چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد دوحہ روانہ ہوگئے ہیں ، جب کہ وفاقی وزیر خزانہ آئندہ پیر سے جائزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

 بدھ کے روز وزارت خزانہ کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ساتویں جائزہ کیلئے مذاکرات بدھ کوشروع ہوگئے،وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے اس ضمن میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی۔

 اس میٹنگ میں وزیرمملکت برائے خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، سیکرٹری خزانہ، گورنرسٹیٹ بینک اورایف بی آر کے چیئرمین بھی موجودتھے۔وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک، ایف بی آر کے سینئرانتظامی افسران کاپہلا گروپ ساتویں جائزہ کے مذاکرات کیلئے پہلے سے دوحہ پہنچ چکے ہیں۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اوروزیرمملکت آئندہ ہفتہ کے آغازمیں دوحہ جائیں گے جہاں مذاکرات کوحتمی شکل دی جائیگی اورتوقع ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کوکامیابی سے مکمل کرنے کیلئے ایک معاہدہ ہوجائیگا۔

 آئی ایم ایف مشن چیف کے ساتھ میٹنگ میں وزیرخزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات اورڈھانچہ جاتی بینچ مارک کے حصول کیلئے حکومت کے عزم کااعادہ کیا۔

آئی ایم ایف مشن چیف نتھن پورٹرنے پاکستان کی معیشت کودرپیش چیلنجوں بارے جائزہ پیش کیا۔

اہم خبریں سے مزید