وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے مریم نواز سے متعلق نازیبا جملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمام خواتین کو اس گھٹیا سوچ کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے۔
اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریم نواز شریف کے بارے میں عمران نیازی کی بازاری سوچ قابل مذمت ہے، اخلاقیات، روایات اور سیاست کا جنازہ نکالنے کے بعد اب عمران نیازی خواتین پر رکیک حملے بھی کر رہا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ایسی بد زبانی ہمارے سیاسی کلچر کے طور پر بڑھانا نئی نسل کے لئے زہر قاتل ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی ملک میں انارکی کے ساتھ غلیظ خیالات کی ترویج اور اخلاقیات کا جنازہ نکالنے پر بھی تلا ہوا ہے، خواتین کے بارے میں اس کے بازاری خیالات قوم کے سامنے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق نازیبا کلمات کہے۔
ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے مریم نواز کی گزشتہ روز کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم اتنے جذبے اور جنون سے میرا نام نہ لیا کرو کہیں تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے۔