• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ سے وفاقی وزرا کی ملاقات، پٹرولیم بچت اقدامات پر غور

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کراچی میں ملاقات کی۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق اس موقع پر عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ایندھن ذخائر پر بریفنگ دی گئی۔ 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وفاقی حکومت نے بریفنگ میں بتایا کہ مشرق وسطیٰ تنازع بڑھا تو خام تیل 120 ڈالر فی بیرل تک جاسکتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزراء نے اس موقع پر توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بچت اقدامات پر غور کیا۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال اور عوامی تعاون کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ نے کہ اجلاس میں زیرغور تمام تجاویز کابینہ میں زیر بحث لائیں گے۔ 

وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی حکومت عالمی توانائی منڈیوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، تیل کی قیمتوں کے مالی اثرات سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایندھن بچت اقدامات ضروری ہیں تاکہ ذخائر زیادہ دیرتک چل سکیں، کل تک پٹرول کے تین جہاز پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرول پمپوں پر ذخیرہ اندوزی کا خدشہ ہے۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر کے فورس میجر اعلان سے ایل این جی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، پاکستان کا ماہانہ تیل درآمدی بل 600 ملین ڈالرتک بڑھ سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ایندھن ذخائر کی نگرانی کے لیے صوبوں کے ساتھ مشترکہ ڈیش بورڈ تیار کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے وفاق اور صوبوں میں رابطہ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

وفاقی وزرا نے کہا کہ سعودی عرب، عمان اور یو اے ای سے متبادل ایندھن سپلائی پر سفارتی رابطے جاری ہیں، آبنائے ہرمز کے متبادل راستوں سے تیل سپلائی یقینی بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ 

وزیر پٹرولیم نے کہا آئی ایم ایف سے پٹرولیم لیوی میں ریلیف کی درخواست کریں گے، توانائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں میں قریبی رابطہ جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید