وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت پیٹرول میں اضافہ مسترد کرتی ہے، پیٹرول کی مد میں موٹر سائیکل والوں کے لیے 22 سو روپے کا اعلان کرتے ہیں، خیبر پختونخوا حکومت اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
پشاور میں سہیل آفریدی نے معاون اطلاعات شفیع جان اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خود کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مسئلہ ہے، مرضی کے مطابق ان کے ڈاکٹرز سےعلاج ان کا حق ہے، بانی پی ٹی آئی واقعی بیمار ہیں، ان کا علاج ان کی مرضی کے ڈاکٹر سے کروانا ضروری ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے اخراجات کم نہیں کر رہی، عوام پر پیٹرول بم گرایا ہے، صوبائی حکومت پیٹرول میں اضافہ مسترد کرتی ہے، وفاق کو عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی شاہ خرچیاں کم کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل وفاقی وزیرخزانہ کو ہم نے اپنے بقایاجات بتائیں، وفاق صوبوں کو اعتماد میں لے، یہ اچھی بات ہے، کورونا میں جب ہم نے پیٹرول مہنگا کیا تو یہ لوگ اس پر سیاست کر رہے تھے، پنجاب میں سیلاب آ یا تو ہم نے ان کا ساتھ دیا، ہم نے سیاست نہیں کی، کراچی میں گل پلازا آگ کی لپیٹ میں آیا ہم نے سیاست نہیں کی، نواز شریف کے پلیٹلیس گر گئے اس پر ہم نے سیاست نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کی صحت کی بات ہے تو یہ اس پر سیاست کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی کے کرایوں میں بھی اضافہ نہیں کر رہے، حکومت خود خرچہ اٹھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 140 بی آر ٹی بسوں میں 10 پنک بسیں صرف خواتین کے لیے ہوں گی،کرایہ بھی کم ہوگا، کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے بھی جلد اعلان کریں گے، 1 لاکھ 30 ہزار گھرانوں کو سولر سسٹم جون سے پہلے لگا کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کو تجویز دی کہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے ایک روپے اضافہ بھی تنخواہوں میں نہیں کیا، ہم نے نئی گاڑیوں کی خرید وفروخت پر پابندی لگائی ہے، بین الاقوامی دوروں پر بھی پابندی عائد کی ہے، ہمارا ہیلی کریش کر گیا ہے لیکن ہم پھر بھی ہیلی کاپٹر نہیں لے رہے، دوسری طرف یہ لوگ اپنے لیے پرائیویٹ جیٹ خرید رہے ہیں، اپنی شاہ خرچیاں کم نہیں کر رہے، عوام پر 55 روپے فی لیٹر پیٹرول کا ایٹم بم گرا رہے ہیں، ہم عوام مخالف پالیسیوں میں کسی کے ساتھ نہیں ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، ڈیش بورڈ بنا رہے ہیں اس سے پتا چلے گا کون ذخیرہ اندوزی کر رہا ہے، جنگ جاری رہی تو پیٹرول کی قلت ہو سکتی ہے۔
بنوں میں لڑکی پر تشدد کے واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بنوں میں بچی پر تشدد سے متعلق آئی جی کے پی کو احکامات دیے ہیں، کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور میں پانچ ہزار بیڈز کے اسپتال پر کام جاری ہے ، کوہاٹ میں بھی ایک ہزار بیڈز کا اسپتال بنایا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات ہے کہ وفاق نے ضم اضلاع کے لیے ایک روپیہ تک نہیں دیا، خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی پالیسی کے ذریعے خود کو مستحکم کیا ہے، ہم اپنی عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان 15 فیصد اپنا پیٹرول پیدا کرتا ہے، ہمارے دور میں پیٹرول فی بیرل 30 ڈالر مہنگا تھا، اور قیمت 150 روپے تھی، ہم نے پیٹرول لیوی کو صفر کیا تھا، اب پیٹرول کی لیوی 105 روپے فی لیٹر ہے، وفاقی حکومت جنوری سے جولائی تک 822 ارب روپے کما چکی ہے، 30 جون تک حکومت 1700 ارب روپے کما لے گی، پاکستان میں 46 فیصد لوگوں کے گھروں میں گیس ہے ،54 فیصد کے گھروں میں نہیں، مٹی کے تیل میں 130 روپے لیٹراضافہ ہوا ہے، مٹی کا تیل 310 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے، رجیم چینج سے ملک میں بے روزگاری اور غربت انتہا کو پہنچ چکی ہے، اگلے ہفتے میں شرح سود میں بھی اضافہ ہوگا، کورونا میں پوری دنیا میں غربت بڑھ گئی تھی، پاکستان میں کم ہوئی تھی۔
مزمل اسلم نے کہا کہ پچھلے مہینے پاکستان نے 24 ارب کے ڈالر خریدے، اب بیرون ملک مقیم پاکستانی پیسہ ملک میں نہیں بھیج رہے، ہم نے مونٹائزیش پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے، اس بجٹ میں 17 گریڈ یا کسی اور گریڈ سے یہ پالیسی اعلان کریں گے، آئی ایم ایف کے دباؤ میں حکومت پیٹرول سے ٹیکس پورا کر رہی ہے۔
پریس کانفرس کے دوران وزیراعظم شہاز شریف، نواز شریف، مریم نواز، خواجہ آصف کی تقاریر کی ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔