وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اتحادیوں نے فیصلہ کیا تو کسی کو بھی اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔
بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے دوٹوک موقف دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ملک دشمن ایجنڈا ہے، وہ افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین نے ایسی کوئی کوشش کی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
دوران خطاب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اعتراف کیا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری غلط ہوئی، اسی طرح مریم نواز کی گرفتاری کا طریقہ کار بھی غلط تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو بہاولپور میں یوم تکبیر کا جلسہ ہوگا، ہم ن لیگ اور پی ٹی آئی کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں آگ لگادو، ماردو، اور اب کہتے ہیں خونی مارچ کروں گا، یہ تقریر کرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے 2012-13 کے جلسے آج کل سے 3 گنا زیادہ بڑے ہوتے تھے، الیکشن ہوئے تو انہیں پنجاب میں صرف 7 نشستیں ملیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 2018ء میں کچھ قوتیں ان کے ساتھ شامل ہوئیں، ہمارے کارکنوں کو ڈرایا دھمکایا گیا، لوگوں کو ن لیگ کے ٹکٹ پر کھڑا ہونے نہیں دیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس سب کے باوجود ن لیگ نے انہیں پنجاب میں ہرایا، اب پی ٹی آئی کے امیدواروں کو لوگ گلی میں جوتے ماریں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمیں اس کے جلسوں سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، لوگ ان سے پوچھیں گے گھی اور ادویات کی قیمتیں کیسی بڑھیں؟
انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو تمام بڑے جلسوں کا ریکارڈ توڑیں گے، جلسے سے مریم نواز خطاب کریں گی، شہباز شریف کا خطاب بھی متوقع ہے، ان کی جگہ حمزہ شہباز بھی آسکتے ہیں۔