• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہول سیل ڈسٹری بیوٹر کے طور پر، آپ کو اپنی مصنوعات خریدنے کے لیے وضع دار گاہکوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ بار بار آپ کی مصنوعات خریدنے والے گاہکوں کی موجودگی سے آپ کو اپنے کاروبار میں مہمیز ملتی ہے۔ پھر بھی، یہ بہت اہم ہے کہ آپ نئے ہول سیل گاہک حاصل کریں تاکہ اپنے کاروبار کو ترقی دے سکیں۔

اگرچہ یہ آسان معلوم ہو سکتا ہے، لیکن آپ کے کاروبار کا طاق (niche) اور موجودہ صنعتی رجحانات نئے گاہکوں کو جمع کرنے کی آپ کی صلاحیت کو متاثر کر سکتے ہیں۔ اسی لیے ہول سیل مارکیٹنگ کی مؤثر حکمت عملی، کاروبار کی کامیابی کے لیے بہت اہم ہے۔ اکثر، تیز فروخت کی حکمت عملیوں کے مقابلے میں ’مارکیٹنگ‘ کی اصطلاح کم مؤثر لگ سکتی ہے۔ تاہم، ہول سیل مارکیٹنگ کی حکمت عملی میں سرمایہ کاری آپ کو طویل مدت میں گاہکوں کو راغب کرنے میں مدد دے گی۔ یہ وقت کے ساتھ ساتھ زیادہ مسلسل فروخت کا باعث بنے گا۔

جب آپ ہول سیل مارکیٹنگ کا منصوبہ شروع کرتے ہیں، تو آپ کو کئی چھوٹی تدابیر اختیار کرنے پر توجہ دینی چاہیے جو منافع بخش فلو بناتی ہیں۔ ذیل میں ہول سیل مارکیٹنگ کے چند خیالات پیش کیے جارہے ہیں، جن پر آپ کو غور کرنا چاہیے۔

سوشل میڈیا پر فعالیت

مثالی کسٹمر بیس تک پہنچنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے کے بہت سے طریقے ہیں۔ ان میں اسپانسر شدہ اور آرگینک دونوں کوششیں شامل ہیں۔ مثال کے طور پر، آپ اپنے سوشل میڈیا پیجز پر تواتر سے مواد پوسٹ کر سکتے ہیں۔ ان آرگینک پوسٹس میں محدود وقت کیلئے پیشکش، ہول سیل مصنوعات کے بارے میں معلومات، ملازمتیں، متعلقہ صنعت کے مضامین اور کسٹمر سروس کی معلومات شامل ہوسکتی ہیں۔

آرگینک سوشل میڈیا مارکیٹنگ کو استعمال کرنے کا دوسرا طریقہ سوشل میڈیا گروپس کو جوائن کرنا، وہاں چیزیں تخلیق اور پوسٹ کرنا ہے۔ فیس بک اور لنکڈاِن گروپس میں، آپ ریٹیل اسٹور کے مالکان، دیگر ہول سیل سپلائرز اور اپنی ٹارگٹ آڈیئنس میں دوسروں سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ اس سے آپ کو نئے گاہک ملنے میں مدد ملے گی جبکہ صنعت کے دیگر پیشہ ور افراد کے ساتھ نیٹ ورکنگ بھی ہو گی۔

اگر آپ کے پاس رقم ہے جو آپ بامعاوضہ سوشل میڈیا کیمپئن کے لیے مختص کر سکتے ہیں تو اسپانسر شدہ پوسٹس بنائیں۔ اس کا مواد تیار کرتے وقت آپ مخصوص ڈیموگرافکس کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جیسے کہ عمر، جغرافیائی محل وقوع، اور پیشہ وغیرہ۔ یاد رکھیں، مارکیٹنگ ایک عمل ہے اور اکثر یہ عمل سست ہوتا ہے۔ اپنے موجودہ گاہکوں کی دلچسپیوں اور ضروریات کے بارے میں معلومات اکٹھی کر کے، آپ اپنے ہول سیل کاروبار میں طویل مدتی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

کمپنی ویب سائٹ

سوشل میڈیا گروپس میں شامل ہونے کی طرح، آپ گاہکوں کو اپنی ہول سیل مصنوعات کے بارے میں معلومات دینے کے لیے ایک ویب سائٹ بناسکتے ہیں۔ کمپنی کی ویب سائٹ بناتے وقت آپ کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ڈیزائن، مواد اور نیویگیشن آپ کے برانڈ کی عکاسی کرے۔ اگر آپ یا ملازمین ویب سائٹ ڈیزائن کرنے کا تجربہ نہیں رکھتے تو کسی ماہر ڈیزائنر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اپنے مارکیٹنگ بجٹ کو استعمال کرنے پر غور کریں۔ ذیل میں کمپنی کی ویب سائٹ پر شامل کرنے کے لیے صفحات اور خصوصیات کی چند تجاویز دی جارہی ہیں۔

پروڈکٹ کے صفحات: ان صفحات پر، آپ کو اپنی ہول سیل قیمتیں، تصاویر اور فروخت کی جانے والی اشیا کے جائزے شامل کرنے چاہئیں۔ اس کے علاوہ، ویب سائٹ پر آنے والوں کو ان مصنوعات کے صفحات کے ذریعے آرڈر دینے کا بھی آپشن دینا چاہیے۔

رابطہ کی معلومات: ویب سائٹ وزیٹرز کے لیے کمپنی سے رابطہ کرنا آسان بنائیں۔ اس صفحہ پر، آپ کمپنی کا پتہ، فون نمبرز، ای میل ایڈریس اور سوشل میڈیا پروفائلز کے لنکس شامل کر سکتے ہیں۔

کمپنی کا "About Us" صفحہ: زیادہ تر صارفین ان کاروبار سے ذاتی تعلق محسوس کرنا چاہتے ہیں جن کے ساتھ وہ کام کرتے ہیں۔ ویب سائٹ پر، آپ اپنی کمپنی کے بارے میں بتانے کے لیے "About Us" صفحہ استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، آپ اپنی کمپنی کی اقدار اور آپ اپنے گاہکوں کی خدمت کے لیے کس طرح کوشش کرتے ہیں، اس حوالے سے بھی مواد شیئر کر سکتے ہیں۔

ای میل سبسکرپشن: آپ ویب سائٹ پر آنے والوں سے ای میل ایڈریس فراہم کرنے کے لیے ’سبسکرپشن‘ کا آپشن فراہم کرسکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے، آپ انہیں ای میل نیوز لیٹرز اور خصوصی پیشکشیں بھیج سکتے ہیں، جو آپ کہیں اور شیئر نہیں کرتے۔

مقامی طور پر تشہیر

آپ کے صارفین کے لیے مارکیٹنگ ہر ممکن حد تک ذاتی ہونی چاہیے۔ انٹرنیٹ استعمال کرتے وقت، ذاتی نوعیت کا احساس پیدا کرنے کا ایک بہترین طریقہ ای میل مارکیٹنگ بھی ہے۔ اس کے علاوہ، اپنے مقامی، جغرافیائی علاقے میں تشہیر آپ کے ٹارگٹ آڈیئنس کو راغب کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ مثال کے طور پر، آپ کولڈ کالنگ یا کولڈ ای میل، کینوسنگ، صنعتی تجارتی شو میں شرکت، اپنے کاروبار کو انڈسٹری ڈائریکٹری میں درج کرنے، مقامی اخبارات یا بزنس ٹو بزنس (B2B) میگزین میں اشتہارات لگانے جیسی حکمت عملیوں کو آزما سکتے ہیں۔ ممکنہ گاہکوں تک اپنے ہول سیل کاروبار کے بارے میں معلومات/آگاہی پھیلانے کے لیے آپ جو کچھ بھی کر سکتے ہیں، وہ عموماً ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہوگی۔

ڈائریکٹ میل

ڈائریکٹ میل (براہ راست ڈاک) بھیجنا ایک لازوال ہول سیل مارکیٹنگ کی حکمت عملی ہے۔ آج کے ڈیجیٹل معاشرے میں بھی یہ ایک مقبول حربہ ہے۔ ہول سیل ڈسٹری بیوٹرز جانتے ہیں کہ اشتہارات ان لوگوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کر سکتے ہیں جو ریٹیل کاروبار نہیں کرتے۔ ایسے میں اگر کوئی شخص آپ کی ہول سیل پر دی گئی چھوٹ حاصل کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو یہ ریٹیلرز کے ساتھ آپ کے تعلقات کو خراب کر سکتا ہے۔ مخصوص دفتری پتوں پر ڈائریکٹ میل بھیج کر، آپ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ اشتہار آپ کے مقرر کردہ ہدف والے صارفین تک پہنچ جائے۔