• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ اجلاس، اپوزیشن کا شدید احتجاج، امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے، قائد ایوان کا گھیراؤ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے حکومت کیخلاف شدید احتجاج ، ایوان سے واک آئوٹ کیا، پی ٹی آئی ارکان نے ہاتھوں میں پلے کارڈ ز اٹھا رکھے تھے جن پر امپورٹڈ حکومت نامنظو ر کے نعرے درج تھے.

قائد ایوا ن اعظم نذیر تارڑ کی تقریر کے دوران وہ ان کے پاس جمع ہو گئے اور نعرے بازی شروع کر دی جس پر چیئرمین سینیٹ نے انہیں اپنی نشستوں پر جانے کی ہدایت کی، وہ اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم کی تقریر کے دوران بھی وقفے وقفے سے نعرے لگاتے اور ایجنڈے کی کاپیاں ڈیسک پر مارتے رہے .

چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے جمع ہو کر قائد ایوان کو تقریر نہیں کرنے دی بعد میں تمام پی ٹی آئی ارکان نے واک آئوٹ کر گئ.

باپ کے ارکان نے واک آئوٹ نہ کیا، فیصل جاوید اکیلے اس بات کیلئے ایوان میں موجود رہے کہ ’باپ‘کے ارکان بھی واک آئوٹ کریں تو کورم کی نشاندہی کروں مگر ایسا نہ ہوا تو وہ بھی چلے گئے.

پیر کو ایوان بالا کا اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی کےارکان نے نعرے لگانے شروع کر دیئے ، چیئرمین سینٹ انہیں روکنے کی کوشش کرتے رہے، چیئرمین نے قائد ایوان اعظم نذیر تارڑ کو ہائوس دیا تو اپوزیشن ارکان کھڑے ہو گئے اور نعرے بازی شروع کر دی .

 اس دوران اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم بھی تقریر کیلئے کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا کہ اس ہائوس کی روایت رہی ہے کہ ہمیشہ قائد حزب اختلاف کو بات کرنے کا موقع دیا جاتا ہے لہٰذا پہلے وہ بات کریں گے ۔

اہم خبریں سے مزید