پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں مجوزہ سیریز اگر ممکن ہوتی ہے تو اس کا ورلڈ کپ میں فائدہ ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں اگر ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو اس سے ہمیں ورلڈ کپ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا جوکہ ہمارے لیے بہت فائدہ مند ہوگا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز سیریز سے ہمارا سیزن شروع ہو رہا ہے، تین میچز کی سیریز ہے، وہاں بھی کنڈیشنز آسان نہیں ہوں گی۔
بابر اعظم نے بتایا کہگرمی بہت زیادہ ہے اس لیے ہم نے کنڈیشنگ کیمپ بھی رکھا ہے کیمپ میں کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں اور اچھی تیاری ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیزن بہت مصروف رہے گا، ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ہم نے سری لنکا جانا ہے، نیدر لینڈز میں بھی ایک سیریز ہے، ایشیا کپ بھی شیڈیول ہے، ہوم سیریز بھی ہے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے ہم نے کئی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں ہمارا ٹارگٹ اور مقصد یہی ہے کہ کارکردگی میں تسلسل کو برقرار رکھیں جہاں جہاں کمی ہے اس کو دور کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ میری کوشش ہوتی ہے جو پرفارمنس دی جائے وہ ٹیم کے لیے بہت اچھی ہو اور اس کا ہمیشہ ٹیم کو فائدہ ہو کنڈیشنز کے مطابق میں خود کو ڈھالنے کی کوشش کرتا ہوں میں خود کو بھی اور کھلاڑیوں کو بھی کہتا ہوں کہ جتنا ہو سکتا ہے مثبت رہیں کیونکہ اسی سے فاندہ ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ہے جبکہ اس سے قبل نیوزی لینڈ میں تین ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کی تجویز سامنے آئی ہے اور پاکستان نے اس میں حصّہ لینے کے لیے آمادگی بھی ظاہر کر دی ہے، اس سیریز کی تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہے۔