پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مریم نواز کو جھوٹ کی دیوی قرار دیدیا۔
مریم نواز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز جھوٹ کی دیوی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ رات سے کشمیر اور جہلم کے بارڈر پر آنسو گیس اور پولیس کا سامنا کررہا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مریم نواز فرمارہی ہیں کہ میں اسپیکر ہاؤس میں امپورٹڈ حکومت سے مذاکرات کررہا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جھوٹ کی دیوی کو بتانا چاہتا ہوں، ان شاءاللّٰہ اب صرف مقابلہ ہوگا کوئی مذاکرات نہیں، دیکھتے ہیں کتنے دن پولیس لگاتے ہو۔
فواد چوہدری نےاستفسار کیا کہ اگر لوگ نہیں نکلے تو پورا پاکستان کیوں بند کیا ہوا ہے؟ پنجاب سے سیکڑوں لوگ کیوں حراست میں ہیں؟
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ ٹیسٹ میچ ہے تو ٹیسٹ ہی سہی، دیکھتے ہیں زور کتنا بازو قاتل میں ہے، الیکشن سے کم کوئی بات نہیں ہوگی۔
انہوں نےشعر پڑھا اور سوال اٹھایا کہ جنگ رہے اور امن بھی ہو، کیا ممکن ہے تم ہی کہو؟ جدوجہد جاری رہے گی پیچھے کوئی نہ ہٹے۔