قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور بھارت کے خلاف اچھا کھیلنے کے لیے پُر عزم ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ تاریخی ہوتا ہے، پوری دنیا پاک بھارت میچ کو دیکھتی ہے، بھارت کے خلاف میچ سے ہم بھی بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔
جیو نیوز کو دیئے جانے والے خصوصی انٹرویو میں تینوں فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس مرتبہ بھی بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلیں گے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے، جو ہم بھارت کے خلاف کریں گے۔
اس سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا، 23 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا ٹاکرا تاریخی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔
گزشتہ برس دبئی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر آؤٹ کلاس کیا تھا۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ہونےوالے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیلنے کا یقین ہے، کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں، لیکن پاکستان کے لیے مشکل نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کی کنڈیشنز کو جانتا ہے کہ وہاں کیسی کرکٹ کھیلنی ہے اور کیسے کامیاب ہونا ہے۔
قومی کپتان نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا میں پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہے، اس پر کام ہو رہا ہے، دبئی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مختلف کرکٹ کھیلنے کے عزم کے ساتھ گئے، سب ٹیمیں مقابلے کے آتی ہیں، ہم بھی مقابلے کے یقین کے ساتھ گئے، ہمارا بس یہ تھا کہ مقابلہ کرنا ہے، مختلف اور پازیٹو کرکٹ کھیلنا ہے۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اچھا کھیلنے کا یقین ہونا چاہیے، نتائج بھی مل جاتے ہیں، دبئی میں مختلف اور پازیٹو کرکٹ کھیلی سب نے سراہا۔