اسلام آباد کے اکثر یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستا آٹا دستیاب نہیں ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کی طرف سے پن کوڈ متعارف کرانے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
صارفین کو شناختی کارڈ، موبائل فون نمبر درج کرانے کے باوجود پن کوڈ موصول نہیں ہورہا۔
خیال رہے کہ موبائل فون پر پن کوڈ آنے کے بعد ہی سستی اشیا خریدی جاسکتی ہیں۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈائز اشیاء کی خریداری کے لیے صارفین کا شناختی کارڈ اور موبائل نمبر لازمی قرار دے دیا گیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز حکام کا کہنا ہے کہ سبسڈائز اشیاء کی خریداری کرنیوالا شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبر بل کے لیے لکھوائے گا جو اسٹور کا عملہ اپنے سسٹم میں درج کرے گا جس کے بعد صارف کے موبائل نمبر پریوٹیلیٹی اسٹورز سسٹم سے ایک کوڈ بھیجا جائے گا۔