سگریٹ کے پیکٹ پر درج یہ جملہ کہ ’سگریٹ نوشی صحت کے لیے نقصاندہ ہے‘ ہماری توجہ حاصل کرسکا ہو یا نہ ہو لیکن بالی ووڈ کے بہت سے اسٹارز اور سلیبریٹیز نے اپنی زندگی کے کسی موڑ پر اسے بڑی سنجیدگی سے لیا اور سگریٹ نوشی ترک کرکے صحت مند طرز زندگی کو اپنایا۔
عالمی یوم ترک تمباکو نوشی کے موقع پر بالی ووڈ کے ان اداکاروں کی ایک فہرست سامنے آئی ہے جنہوں نے اپنے عزم و ارادے کے باعث سگریٹ نوشی ترک کی۔
معروف اداکار ریتک روشن بہت زیادہ سگریٹ نوشی کیا کرتے تھے لیکن پھر انہیں جب اس کے نقصاندہ اثرات کا پتہ چلا تو انہوں نے یہ عادت ترک کی۔
دو برس قبل ٹوئٹر پر ایک پرستار کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی تھی کہ وہ اب نان اسموکر ہیں۔
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان جن کے بارے میں یہ مشہور تھا کہ وہ چین اسموکر ہیں، تاہم جب انھیں صحت کے حوالے سے بعض مسائل کا سامنا کرنا پڑا تو انھوں نے بھی سگریٹ نوشی چھوڑ دی۔
اس فہرست میں ارجن رامپال بھی شامل ہیں، جو کہ اپنے بورڈنگ اسکول کے زمانے سے سگریٹ نوشی کرتے تھے لیکن ان کے مطابق 2020 میں کورونا وائرس کے عروج کے دوران ان کے ننھے بیٹے نے انہیں ترکِ سگریٹ نوشی پر تیار کیا۔
اداکارہ کونکنا سین شرما بھی بہت زیادہ سگریٹ نوشی کیا کرتی تھیں، انہوں نے 2011 میں اپنے بیٹے ہارون کی پیدائش کے بعد سگریٹ نوشی چھوڑ دی تھی۔
اداکار سیف علی خان نے 36 برس کی عمر میں ہارٹ اٹیک کے باعث جب وہ اسپتال پہنچے تو انہوں نے یہ عادت ترک کی۔
ویویک اوبرائے ماضی میں چین اسموکر تھے تاہم ایک بار وہ ممبئی کے ایک کینسر اسپتال گئے جس نے ان سے یہ عادت چھڑوادی اور اب وہ سگریٹ نوشی کے خلاف متعدد کمرشیلز میں نظر آتے ہیں۔