ایران نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی رپورٹ کو غیرمنصفانہ قرار دے دیا ہے۔
اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے پاس جوہری بم بنانے کے لیے افزودہ یورینیئم کی مطلوبہ مقدار موجود ہے۔
ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ یہ رپورٹ ایران اور ایجنسی کے درمیان ہونے والی بات چیت کی آئینہ دار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ غیر متوازن اور غیر منصفانہ ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صیہونیوں نے تکنیکی رپورٹس کو سیاسی رپورٹس میں تبدیل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی اے ای اے کی تازہ سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایران کے پاس بڑی مقدار میں افزودہ یورینیم موجود ہے جس سے ایٹمی ہتھیار بنائے جاسکتے ہیں۔
ایران کی تین غیراعلان شدہ سائٹس سے یورینیم کے ذرات برآمد ہوئے تھے، اس متعلق عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے استفسار کیا تھا۔
آئی اے ای اے کے مطابق ایران یورینیئم ذرات کی برآمدگی کے حوالے سے حوصلہ افزا معلومات نہیں دے سکا۔