اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ جنوبی ایشیاء اور وسط ایشیائی ممالک کو ملائےگا ۔ ایک انٹرویو میں وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کا دو طرفہ پراجیکٹ نہیں ہے بلکہ اس سے جنوبی ایشیا اور وسط ایشیا کو ملائے گا۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری سے چین یورپ اور افریقہ تک رسائی حاصل کر پائے گا اور پاکستان اس حوالے سے سمندری اور فضائی روٹس کے ذریعے یہ رسائی ممکن بنائے گا۔ انہوں نے کہاکہ معیشت کے تقاضے پورے کرنے کے لئے ہمیں معاشی شعبے میں پیداواری استعداد، معیار اور جدت کے پہلوؤں پر کام کی ضرورت ہے تاکہ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈی میں مسابقتی برتری حاصل ہو سکے۔موجودہ حکومت نے 2016ء کو پیداواری استعداد، معیار اور جدت کے سال کے طور پر منا رہی ہے جس کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان تینوں اہداف کے حصول کے لئے ہمیں سخت محنت، اسمارٹ طرز عمل اور بہترین نتائج کے حصول کی منصوبہ بندی کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔