بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار ساجد خان نے فلم نگری کے’کنگ خان‘ شاہ رخ خان کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔
سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بارے میں گزشتہ برسوں سے بہت کچھ کہا جاتا رہا ہے۔
ساجد خان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو زیر گردش ہے، جس میں وہ بالی ووڈ کے بادشاہ کی تعریفوں کے گن گارہے ہیں۔
ہدایت کار شاہ رخ کی تعریفوں میں اتنے آگے نکل گئے کہ انہیں بھارت کے وزیراعظم بننے کی صلاحیتوں کا حامل قرار دے دیا۔
ساجد خان نے کہا کہ شاہ رخ جیسا اسٹار روز پیدا نہیں ہوتا، ایسے اداکار 20 سال کے وقفے سے ہی سامنے آتے ہیں۔
بالی ووڈ ہدایت کار یہی پر نہیں رکتے وہ شاہ رخ کا تقابل امیتابھ بچن سے کرتے ہیں اور کہتے ہیں امیت جی 20، 30 سال پہلے اتنے بڑے اسٹار بن گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس لیے مجھے لگتا ہے کہ شاہ رخ کے معیار کا اسٹار اب کم از کم دو دہائیوں یعنی 20 سال کے وقفے سے ہی منظر عام پر آئے گا۔
ساجد خان اس دوران شاہ رخ خان کو فطرتاً بہت اچھا انسان کہتے ہیں جو سخی بھی ہے، جس نے کئی لوگوں کے لیے بہت سی چیزیں کیں لیکن وہ میڈیا پر کبھی سامنے نہیں آئیں۔
بالی ووڈ ہدایت کار تعریفوں کا لیول بڑھاتے ہوئے دعویٰ سے کہتے ہیں کہ اگر شاہ رخ خان سیاست کو بطور کیریئر اپناتے تو آج وہ بھارت وزیراعظم بن سکتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کنگ خان 49 فیصد ٹیلنٹ اور 51 فیصد ذہانت کے ملک ہیں، یہ بہت ہی زبردست امتزاج ہے، اگر آج سے 15، 20 سال پہلے شاہ رخ خان شوبز کو خیر باد کہہ کر سیاست میں آگئے ہوتے تو وہ آج ملک کے وزیراعظم ہوتے۔
شاہ رخ خان کی 3 فلمیں ایک سال کے دوران ریلیز ہونے کی منتظر ہیں، جن میں پٹھان، ڈُنکی اور جوان شامل ہیں۔