لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف اداکارہ عفت عمرنے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی حمایت کرنے کی وجہ بتا دی۔ ان دنوں عفت عمر کے ایک مختصر انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ مریم نواز کے لیے ٹوئٹ کرتی ہیں اور آپ ان چند فنکاروں میں سے ایک ہیں جنہیں مریم نواز جواب بھی دیتی ہیں، تو آپ کی یہ بات چیت مریم نواز کے ساتھ کیسے شروع ہوئی؟اداکارہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ہماری یہ بات چیت ٹوئٹر پر ہی شروع ہوئی، عورت ہونے کی حیثیت سے میں ان کی جدوجہد جانتی ہوں اور وہ میری جانتی ہوں گی، یہ صرف عورت ہونے کی وجہ سے ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ عفت عمر نے کہا کہ میرا ان کی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن جمہوریت کے سفر میں اس وقت ہم ایک ہیں، جمہوریت کے لیے آواز اٹھانے اور مل کر کام کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ علاوہ ازیں اداکارہ نے کہا ہے کہ میرے اندر غلط کو غلط اورصحیح کوصحیح کہنے کی جرأت ہے اور میں نے کبھی نتائج کی پرواہ نہیں کی، میں سچ بولنے میں کبھی مصلحت سے کام نہیں لیتی اور شاید میں نے اس کی قیمت بھی ادا کی ہے ۔ انٹرویو میں عفت عمر نے کہا کہ میں خود منافقت کرتی ہوں اور نہ ایسے لوگ مجھے پسند ہیں بلکہ اگر مجھے کسی کے بارے میں شک بھی گزرے تو میں ایسے شخص سے کوسوں دور رہتی ہوں۔ اس خصلت کے شخص سے آپ کو کبھی فیض نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی درجے کی منافقت ہے کہ کسی کے منہ پر اس کی تعریف کی جائے اور جب وہ شخص چلا جائے تو اس کی خامیاں نکالی جائیں۔