ممبئی(این این آئی) بولی وڈ انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ نے بی جے پی رہنما کے گستاخانہ بیان پر اپنا ردِعمل دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ کا کہنا ہےکہ وزیراعظم مودی آگے بڑھیں اور اس زہرکو روکیں۔بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس زہر کو بڑھنے سے روکنے کے لیے نریندر مودی کی جانب سے اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے۔ نصیرالدین شاہ کا کہنا تھا کہ نفرت پھیلانے والوں کو وزیراعظم خود بھی ٹوئٹر پر فالو کرتے ہیں ،وزیراعظم سے اپیل ہےکہ وہ ان لوگوں کو کچھ عقل دیں، متنازع بیان دینے والی خاتون انتہاپسند عناصر میں سے نہیں بلکہ قومی ترجمان ہیں۔سینیئر اداکار کا کہنا تھا کہ امن اور اتحاد کی بات کرنے پر جیل بھیجا جاتا ہے اور نسل کشی کی بات پر صرف تھپڑ مارا جاتا ہے، ہمارے ہاں دہرا معیار کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور ہندوؤں میں نفرت پھیلانے کی تیاری کی جا رہی ہے، یہ زہر اس وقت پھوٹتا ہے، جب آپ مخالف نظریے کا سامنا کرتے ہیں۔اداکار نے بھارتی ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا کو زہر تیار کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور بے جے پی کے ترجمان کی جانب سے رسولؐ کے بارے میں گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے دین اسلام اورحضرت محمد ؐسے متعلق گستا خانہ ریمارکس پرمسلمانوں اورمسلم ممالک کے احتجاج کے بعد پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ مذہبی معاملات پربات کرنے سے محتاط رہیں۔