• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان کو ملنے والی دھمکی کا معمہ حل، مبینہ ملزم گرفتار

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ دبنگ خان سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس دھمکی دینے والے کا پتہ لگانے کے لیے کوششوں میں مصروف ہے۔اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ نہ صرف سلمان کو دھمکی دینے والے شخص کا پتہ چل گیا ہے، بلکہ پولیس نے اسے گرفتار بھی کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اداکار سلمان خان کو ملنے والے دھمکی بھرے خط کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ دہلی پولیس نے مہاراشٹر پولیس کی مدد سے اس معاملے کو سلجھانے کا بتایاہے۔بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے مہاکال نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اس سے تفتیش بھی کی ہے ،جس میں اس نے بتایا کہ خط لکھنے کے پیچھے اس کا مقصد کیا تھا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ خط لکھنے کا یہ معاملہ کسی نہ کسی طرح لارنس بشنوئی گینگ سے جڑا ہوا ہے۔اس سے قبل ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کی ایک ٹیم فلم رائٹر سلیم خان اور ان کے بیٹے اداکار سلمان خان کو دھمکی بھرا خط ملنے کے معاملے میں گینگسٹر لارنس بشنوئی سے پوچھ گاچھ کے لیے دہلی پہنچی تھی۔ ممبئی پولیس نے سلیم خان اور سلمان خان کے بیانات پہلے ہی ریکارڈ کر لیے تھے۔ اس کے بعد اداکار کے باندرا کی رہائش کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ پولیس نے سلمان کے دو باڈی گارڈوں کے بھی بیانات درج کیے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ سلمان خان کو جو دھمکی آمیز خط ملا ہے اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’سلیم خان، سلمان خان بہت جلد آپ کا موسیٰ والا جیسا حال ہوگا۔ جی بی، ایل بی۔‘‘ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ’جی بی‘ اور ’ایل بی‘ کا مطلب گینگسٹر گولڈی برار اور لارنس بشنوئی ہو سکتا ہے۔ اگرچہ کہ پولیس نے اس بارے میں کوئی بھی اطلاع نہیں دی ہے۔

دل لگی سے مزید