لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ برس اپنے والد سے قانونی حق کے حصول کی طویل اور ذہنی اذیت سے بھرپور قانونی جنگ جیتنے والی امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے اپنے ایرانی دوست سے شادی کر لی۔تفصیلات کے مطابق امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کنزرویٹرشپ سے آزادی پانے کے 7 ماہ بعد اپنے دوست سیم اصغری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، کنزرویٹرشپ ان کی شادی میں رکاوٹ تھی۔40 سالہ گلوکارہ کی شادی میں صرف قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا، تاہم شادی کے دوران برٹنی اسپیئرز کے سابقہ شوہر جیسن الیگزینڈر بھی آ گئے اور شور شرابا کرنے لگے، جنھیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔قبل ازیں برٹنی اسپیئرز کی شادی کا دن ڈرامائی انداز میں شروع ہوا، شادی کی تقریب کا انعقاد گلوکارہ کے گھر میں کیا گیا تھا، تاہم تقریب سے چند گھنٹے قبل ان کے پہلے شوہر جیسن الیگزینڈر وہاں سے گزرے، اور انھوں نے وہاں ایک لائیو اسٹریمنگ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔پولیس نے جیسن کو گرفتار کر کے ان کے خلاف پراپرٹی میں غیر قانونی داخل ہونے، نجی املاک کو نقصان پہنچانے، اور دھمکانے کے مقدمات درج کر لیے۔خیال رہے کہ برٹنی اور سیم اصغری جمعرات کو کیلیفورنیا میں ایک تقریب میں شادی کے بندھن بندھ گئے ہیں، امریکی گلوکارہ نے منگنی کا اعلان ستمبر 2021میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیوشیئرکر کے کیا تھا جس میں وہ اپنی منگنی کی انگوٹھی مداحوں کو دکھاتی نظر آئیں۔سیم اصغرکا تعلق ایران سے ہے اور وہ 12 سال کی عمر سے امریکا میں مقیم ہیں اور ان دنوں بطور ماڈل، فٹنس ٹرینر اور اداکار کام کر رہے ہیں، برٹنی اسپیئرز کے ساتھ ان کی دوستی 2016 میں ایک میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی، یہ دوستی بعد میں محبت میں بدل گئی۔یاد رہے کہ برٹنی اسپیئرز کی اس سے قبل 2 بار شادی ہو چکی ہے، ان کے سابقہ شوہر کیون فیڈر لائن سے 2 بچے ہیں، اس کے علاوہ برٹنی اپنے بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر سے بھی شادی کر چکی ہیں، جو صرف 55 گھنٹوں میں ہی ختم ہوگئی تھی۔