بھارتی ریاست راجستھان میں دولہا کو شادی کے لیے داڑھی منڈوانا ضروری ہے۔
بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع پالی میں ایک کمیونٹی نے داڑھی والے نوجوانوں کو شادی کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریاست کے پالی ضلع کے 19 دیہات کی کماوت برادری کی طرف سے منظور کردہ ایک قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صرف کلین شیو والے نوجوانوں کو ہی شادی کرنے کی اجازت ہوگی۔
قرار داد میں کہا گیا کہ ’فیشن ٹھیک ہے لیکن دولہا کے لیے فیشن کے نام پر داڑھی رکھنے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ شادی ایک رسم ہے اور اس میں دولہے کو بادشاہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، اس لیے اسے کلین شیو کر دینا چاہیے‘۔
اس کے ساتھ ہی 19 دیہاتوں کی پنچایت نے شادیوں کے اخراجات کو کم کرنے اور انہیں آسان بنانے کے لیے اور بھی کئی اہم فیصلے لیے ہیں۔
پنچایت نے ڈی جے ڈانس پر اعتراض کیا اور ان پر پابندی لگا دی، شادی بیاہ کی تقریبات میں منشیات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اگر لوگ فیشن کے نام پر تھیم پر مبنی ہلدی کی تقریبات منعقد کرنے کے لیے کپڑوں اور سجاوٹ پر خرچ کرتے ہیں تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، ناصرف پالی میں رہنے والے لوگوں کو بلکہ اس ضلع سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی قواعد کی پیروی کرنی ہوگی۔
کماوت برادری کے 19 دیہاتوں سے تقریباً 20 ہزار لوگ گجرات، مہاراشٹر اور جنوبی ریاستوں کے مختلف شہروں میں ہجرت کر چکے ہیں۔ انہیں بھی قواعد کی پابندی کرنی ہوگی چاہے وہ جن شہروں میں رہ رہے ہوں وہاں رسومات ادا کریں۔