اسکاٹ لینڈ میں 209 سال قدیم لائٹ ہاؤس کا معائنہ کرنے والے انجینئر کو 132 سال پرانا پیغام موصول ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناردرن لائٹ ہاؤس بورڈ سے وابستہ راس رسل نامی مکینیکل انجینئر نے لائٹ ہاؤس میں موجود ایک الماری سے کچھ پینل ہٹائے تو اسے دیوار کے اندر سے ایک چھپی ہوئی بوتل ملی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مکینیکل انجینئر کی ٹیم نے لائٹ ہاؤس کی دیکھ بھال کرنے والے بیری ملر کے ساتھ مل کر مذکورہ بوتل کو کچھ رسیوں اور جھاڑو کے ہینڈل کی مدد سے نکالا اور اسے کھولنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ اس بوتل کا کارک اپنی جگہ پر پھنس ہوا ہے، جسیے انہوں نے ڈرل کے ذریعے احتیاط سے ہٹایا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں مذکورہ بوتل سے 132 سال پرانا پیغام ملا، جو 4 ستمبر 1892ء کو لکھا گیا تھا۔
راس رسل بتایا کہ اس پیغام میں ان 3 انجینئرز کے نام درج تھے جنہوں نے 100 فٹ بلند اس لائٹ ہاؤس کے اوپر لائٹ نصب کی تھی، اس کے ساتھ ہی 3 لائٹ ہاؤس کیپرز کے نام بھی درج تھے۔
بیری ملر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مذاق میں کہا کہ اگر اس بوتل سے ہمیں کسی خزانے کا نقشہ ملتا تو ہم نے خاموش رہنے کی قسم کھائی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پرانی بوتل سے پیغام ملنے کا تجربہ ایسا ہی ہے جیسے ہم نے اپنے کسی پرانے دوست سے ملاقات کی ہو۔
بیری ملر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس پیغام سے ہمیں یہ معلوم ہوا کہ 15 ستمبر 1892ء کو یہ لائٹ ہاؤس پہلی بار روشن ہوا تھا لیکن اب ہم اس بوتل کو واپس اسی جگہ چھپا دیں گے تاکہ مستقبل میں یہ کسی اور کو مل سکے۔