اطالوی فنکار ماریزیو کیٹیلان کی مشہور زمانہ ’کامیڈی‘ تھیم پر نصب کیا گیا ’کیلے‘ کا آرٹ ورک 6.2 ملین ڈالرز میں نیلام ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کریپٹو کرنسی پلیٹ فارم TRON کے بانی جسٹن سن نے 1 ارب 72 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے کی ریکارڈ بولی لگا کر کیلے کو وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل کرنے کی انوکھی ذمے داری لے لی ہے، کیونکہ کیلا وقت کے ساتھ ساتھ گل جاتا ہے۔
امریکی شہر نیویارک میں مذکورہ کیلے کے آرٹ ورک کی فروخت کا اہتمام کیا گیا۔
نیلامی کی انتظامیہ کا خیال تھا کہ اس بار نیلامی 8 لاکھ ڈالرز سے شروع ہو کر 1.5 ملین ڈالرز تک جائے گی، لیکن 5 منٹ کے مختصر وقت میں نیلامی پہلے 5.2 ملین ڈالرز اور پھر 6.2 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی۔
جسٹن سن نے اس کیلے کو انتہائی زیادہ قیمت پر خرید کر سب کو حیران کر دیا۔
انہوں نے اس آرٹ ورک کی قیمت کرپٹو کرنسی میں ادا کی ہے۔
واضح رہے کہ اطالوی فنکار ماریزیو کیٹیلان کی مشہور زمانہ ’کامیڈی‘ تھیم پر تنصیب کیا گیا ’کیلا‘ ہر 2 سے 3 دن بعد تبدیل کیا جاتا ہے۔
اس فن پارے نے 2019ء میں اس وقت توجہ حاصل کی تھی جب پہلی بار اس کی نیلامی 1 لاکھ 20 ہزار ڈالرز میں ہوئی تھی۔
2019ء میں امریکی شہر میامی کے آرٹ میوزیم میں اطالوی فنکار نے ایسے 3 کیلے فروخت کے لیے پیش کیے تھے جو 1 لاکھ 20 ہزار سے 1 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالرز میں نیلام ہوئے تھے۔
اب 5 سال کے بعد جسٹن سن نے اس نیلامی میں ایک کیلے کی اصل قیمت سے 40 گنا زیادہ ادائیگی کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔