• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق اہلخانہ کا اہم پیغام

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق ان کے اہلخانہ کا اہم پیغام سامنے آگیا۔

پرویز مشرف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے اہلخانہ کی جانب سے ایک پیغام جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے سابق صدر کی وطن واپسی سے متعلق سرکاری سطح پر رابطہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق سرکاری اور غیرسرکاری ذرائع کی طرف سے رابطہ کیا گیا ہے، ہم اس کوشش پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

پرویز مشرف کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے فیملی کو اہم طبی، قانونی اور حفاظتی چیلنجز پر غور کرنا ہوگا۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کو ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور علاج  کے انتظامات کی اہم ضرورت ہے جو  فی الحال پاکستان میں دستیاب نہیں ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی سے متعلق سینیٹ میں بھی بحث کی گئی، جس میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے مشرف کو قانون کے مطابق سزا دینے جبکہ جے یو آئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے وطن واپسی کی حمایت کی تھی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر، سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جب پرویز مشرف یہاں تھے تو میں نے کہہ دیا تھا میں نے مشرف کو معاف کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف آنا چاہتے ہیں تو یہ ان کا پاکستان اور گھر ہے، ان کے ملک واپس آنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

سینیٹ کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اس ملک کے باشندے ہیں، بیمار ہیں، آنا چاہتے ہیں تو انہیں آنے دیں۔


قومی خبریں سے مزید