• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل نمائش ہیم ٹیکس جرمنی میں شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹیکسٹائل شعبے دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہیم ٹیکسٹائل ٹیک جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں شروع ہوگئی،جو 24جون تک جاری رہے گی۔ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نمائش میں پاکستان پویلین لگایا ہے،کووڈ کے بعد دنیا کی یہ سب سے بڑی ٹیکسٹائل سیکٹر کی نمائش ہے جس میں پورے دنیا سے لوگ آتے ہیں، پاکستان گزشتہ47سال سے ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں شرکت کررہا ہے۔پہلی مرتبہ پاکستان نے ہیم ٹیکسٹائل میں 1975میں شرکت کی تھی،پاکستان میں نمائش کے نمائندے عمرہادی صلاح الدین کا کہنا ہے کہ ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں ہرسال نمائش کنندگان کی تعداد میں اضافہ ہوتاہے،ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ ماہرین کے مطابق پاکستان مسلسل کم ہوتی ایکسپورٹس بڑھانے میں ہیم ٹیکسٹائل ایک ٹانک کا کام کرسکتی ہے۔پاکستانی ایکسپورٹرزکا کہنا تھا کہ ہیم ٹیکسٹائل ایک ایسا موقع ہے جس میں ہر سال یورپ اور دنیا بھر سے اپنے باقاعدہ صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر ملنے کا موقع ملتا ہے، ہم وبائی امراض کووڈ19 کے بعد پہلے ہیم ٹیکسٹائل ایڈیشن کا حصہ بننے پر بہت پرجوش ہیں اور ہمارے بیشتر خریداروں نے پہلے ہی میٹنگز کی تصدیق کر دی ہے۔ برآمدکنندگان نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کی منجمد ایکسپورٹ کو بڑھانے میں ہیم ٹیکسٹائل ،ٹیک ٹیکسٹائل اورٹیکس پروسس کا مشترکہ ایڈیشن اہم کردار ادا کرے گا۔دوسری جانب خیال ظاہر کیا جارہا ہے، ہیم ٹیکسٹائل کے جنوری 2018 کے ایڈیشن میں دنیا بھر سے 2ہزار975نمائش کنندگان نے شرکت جبکہ70ہزار کے قریب تجارتی خریداروں نے شرکت کی۔ سال 2019 میں اس نمائش میں 2ہزار908 نمائش کنندگان شریک ہوئے اور2020 میں دنیا بھر سے 65ہزار سے بھی زائدتجارتی افراد کی آمدہوئی تھی،پاکستان سے بہت بڑی تعداد میں وزیٹرز بھی شریک ہوئے تھے۔