• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھے 299 یا 499 روپے ماہانہ میں دستیاب ہونا پسند نہیں، جان ابراہم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکار جان ابراہم آج کل اپنی فلم ’’ایک ولن ریٹرنز‘‘ کی پروموشن کر رہے ہیں، فلم میں ان کے ہمراہ تارا سُوتاریا، ارجن کپور اور دیشا پاٹنی نے بھی اداکاری کی ہے۔

اسی فلم کے سلسلے میں انٹرویو دیتے ہوئے جان ابراہم نے کہا کہ مجھے نہیں پسند کہ لوگ صرف 299 روپے یا 499 روپے ماہانہ ادا کر کے مجھے اپنے گھر میں موجود اسکرین پر دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بڑے پردے کے اداکار ہیں اور وہیں رہنا چاہتے ہیں۔

جان ابراہم نے کہا کہ مجھے او ٹی ٹی (اوور دی ٹاپ) پلیٹ فارمز پسند ہیں لیکن صرف اس صورت میں کہ میں پروڈکشن کروں۔

ان کی پروڈکشن کمپنی ’جان ابراہم انٹرٹینمنٹ‘ نے 2012 میں ’وکی ڈونر‘ اور 2013 میں ’مدراس کیفے‘ جیسی فلمیں بنائیں، مدراس کیفے میں جان نے خود بھی اداکاری کی تھی۔

جان ابراہم نے انٹرویو میں کہا کہ ایک پروڈیوسر کے طور پر مجھے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پسند ہے، مجھے اس کے لیے فلم بنانا اچھا لگتا ہے لیکن اداکار کے طور پر میری سوچ بالکل واضح ہے کہ مجھے بڑے پردے پر کام کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت برا لگے گا اگر کوئی شخص ٹیبلٹ پر میری فلم روک کر باتھ روم جانے کے لیے اٹھے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی نہیں پسند کہ میں 299 یا 499 روپے میں سب کو دستیاب ہوجاؤں، مجھے اس سے مسئلہ ہے۔

دریں اثنا جان کی نئی فلم ایک ولن ریٹرنز 29 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

اس فلم کے ہدایت کار موہت سوری ہیں جنہوں نے 2014 میں ’’ایک ولن‘‘ کے لیے بھی ہدایت کار کے فرائض انجام دیے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید