• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان سے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینے کا فیصلہ

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس —فائل فوٹو
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس —فائل فوٹو

وفاقی حکومت نے افغانستان سے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں یہ بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

اس فیصلے سے وسطِ ایشیاء اور افغانستان میں تجارت کو تقویت ملے گی۔

وفاقی کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈا منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے قومی ویسٹ مینجمنٹ پالیسی 2022ء منظور کر لی۔

وفاقی کابینہ نے اجلاس کے دوران مختلف ممالک سے متعلق ویزا پالیسی میں تبدیلی کا ایجنڈا منظور کیا۔

کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 جون کے فیصلوں اور کابینہ کی لیجسلیٹو کمیٹی کے 23 جون کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے الیکٹرک پنکھوں کے توانائی سے متعلق معیار مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2022ء کا نیا مسودہ بھی منظور کر لیا۔

مریم اورنگزیب نے کیا کہا؟

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ کابینہ نے پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ کی جانب سے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولیو ٹیم پر حملے سے متعلق فوری رپورٹ پیش کریں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نادرا کو آن لائن سسٹم میں تبدیلی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کابینہ نے سنگِ میل پالیسی منظور کی: شیری رحمٰن

کابینہ کے اجلاس سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ آج کی کابینہ نے ایک سنگِ میل پالیسی منظور کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ خطرناک فضلے کو ٹھکانے لگانے سے متعلق پالیسی بنائی گئی ہے، یہ خطرناک فضلہ ہم سب کی صحت کے لیے مضر ہے۔

وزیرِ موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ خطرناک فضلہ پانی کے ذخائر کو بھی آلودہ کرتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید