ملک کے مختلف شہروں میں 30 جون سے 4 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 جون سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، رواں ہفتے کے آخر میں یہ ہوائیں شدت اختیار کر کے ملک کے جنوبی حصے میں پھیل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون سے 4 جولائی تک اسلام آباد، کشمیر اور دیگر بالائی علاقوں میں جبکہ یکم جولائی سے 4 جولائی تک کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے ژوب، زیارت، خضدار، لسبیلہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی میں موسلادھار بادش سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث کشمیر، خضدار، لسبیلہ میں ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے جبکہ ممکنہ بارشوں سے کشمیر، گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا پانی چاول کی کاشت کے لیے مفید ہوگا۔
اس کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کردی۔