وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت پر بریفنگ دے دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ نے ملاقات کی، اس موقع پر نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال اور مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ بھی موجود تھے۔
اس دوران سندھ کے سیاسی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، متعلقہ وزارتیں سندھ حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لائی جاسکے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی اہم اتحادی جماعت ہے، مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے باہمی تعاون سے قومی ترقی کا سفر مزید تیزکیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور مشاورت قومی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کے لیے ناگزیر ہے، وفاق اورصوبوں کے درمیان مضبوط روابط سے جمہوری نظام کو تقویت ملے گی۔
وزیراعظم نے مخلوط حکومت کے اہم اتحادی کے طور پر سندھ کی قیادت کے کردار کو سراہا۔