اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو پاکستان میں زیر حراست682بھارتی قیدیوں کی فہرست فراہم کردی ہے جن میں49شہری اور633ماہی گیر شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان قونصلر رسائی کے معاہدے کی شق (i) سے مطابقت رکھتا ہے جس پر 21 مئی 2008 کو دستخط کئے گئے تھے۔
اس کے تحت دونوں ممالک کو ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارتی حکومت نے بھی نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کو بھارت میں 461 پاکستانی قیدیوں کی فہرست فراہم کردی ہے جن میں 345 شہری اور 116 ماہی گیر شامل ہیں۔