مردان ( ایجنسیاں )مردان میں خودکش حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی، پولیس کی فائرنگ سے خودکش حملہ آور ہلاک ٗ2 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ڈی پی او مردان فیصل شہزاد کے مطابق سٹی تھانے کے باہرسائیکل سوار خودکش حملہ آور ایس ایچ او کی گاڑی کے قریب آیا تو اس کے ہاتھ میں ہینڈ گرینیڈ دیکھ کر پولیس اہلکارنے اس پر فائرنگ کردی ۔فائرنگ سے خودکش حملہ آور کی جیکٹ دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں قریب موجود 2 پولیس اہلکار اور10راہگیر زخمی ہوگئے جن میں سے 8 کو ڈی ایچ کیو اسپتال اور 4 کو مردان میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کی سائیکل سے بارودی مواد بھی ملا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔ خودکش حملہ آور کا سر اور اعضا تحویل میں لے لیے گئے ہیں ۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد حملہ آور کی شناخت کی جاسکے گی۔