میکسیکو کے میئر نے ایک پُروقار تقریب میں دلہن کے لباس میں ملبوس مادہ مگرمچھ سے شادی کرلی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے قصبے سین پیڈرو ہومیلولو کے میئر وِکٹر ہوگو سوسا نے ایک پُرانی رسم کے تحت 7 سالہ مادہ مگرمچھ سے علامتی شادی کی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ صدیوں پُرانی ایک ہسپانوی رسم ہے، اس رسم میں شادی شدہ اور غیر شادی شدہ افراد ایسی شادیاں کرتے ہیں تاکہ اُنہیں قدرت کی طرف سے بے شمار نعمتیں حاصل ہوں۔
میکسیکو کے میئر وِکٹر ہوگو سوسا کے مادہ مگرمچھ سے شادی کرنے کا مقصد دولت، عزت اور رتبے میں اضافہ حاصل کرنا ہے۔
اس رسم میں مادہ مگرمچھ کو سفید عروسی لباس کے علاوہ دیگر رنگین ملبوسات پہنانا بھی شامل ہے جبکہ اس علاقے میں مگرمچھ کو دیوتا سمجھا جاتا ہے۔
دوسری جانب میئر وِکٹر ہوگو سوسا کی مادہ مگرمچھ دُلہن کو ’ننھی شہزادی‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اس موقع پر میئر وِکٹر ہوگو سوسا نے کہا کہ ہم اس شادی کے بعد قدرت سے بارشوں اور دریاؤں میں مچھلیوں کی کثیر تعداد کی طلب کرتے ہیں۔