• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: قربانی کا بپھرا ہوا بیل شاپنگ مال میں گھس گیا


کراچی کے علاقے صدر کے ایک ایئرکنڈیشنڈ شاپنگ مال میں بپھرا ہوا قربانی کا بیل گھس گیا جسے لوگوں نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو کیا۔ 

علاقہ مکینوں کے مطابق صدر میں زیب النساء اسٹریٹ کی ذیلی گلی میں قربانی کے لیے ایک خوبصورت بیل لایا گیا تھا جو لوگوں کی بھیڑ، گاڑیاں اور روشنیاں دیکھ کر بپھر گیا اور متعدد گاڑیوں کو ٹکریں مارتا ہوا کچھ دور ایک ایئرکنڈیشنڈ شاپنگ سینٹر ’دی مال‘ میں گھس گیا اور ایک دکان کے شیشے توڑ دیے۔

بپھرے ہوئے بیل کو شاپنگ مال میں دیکھ کر افراتفری مچ گئی، گاہک اور دکاندار ادھر اُدھر چھپ گئے۔

اس کے تعاقب میں آنے والے لوگوں نے علاقہ مکینوں کی مدد سے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بیل کو قابو کیا اور اسے عمارت کی پارکنگ کے راستے واپس لے جایا گیا۔

دکانداروں کے مطابق بیل نے جس دکان کے شیشے توڑے اس کے مالکان نے بیل کے مالکان سے 20 ہزار روپے ہرجانہ بھی وصول کیا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید