• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا سے گلہ یہ ہے ہمارے ملک میں ایک مجرم کو مسلط کر دیا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے امریکا سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک میں تو ضمانت پر ہونے والے کو چپراسی بھی نہیں بناتے، لیکن ہمارے ملک میں ایک مجرم کو مسلط کر دیا۔

شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں امریکی معاشرے کو بہتر جانتا ہوں مجھے امریکا سے ایک گلہ سب سے زیادہ ہے، کوئی ضمانت پر ہو تو چپراسی بھی نہیں رکھتے ہمارے ملک میں وزیراعظم بنا دیا۔

 عمران خان نے کہا کہ یہاں آپ نے ایک کرپٹ آدمی کو وزیراعظم بنا دیا ہے تاکہ یہ آپ کے کنٹرول میں رہیں، آپ نے ہمارے ملک پر مجرموں کو بٹھا دیا ہے، آپ نے ہمارے ملک کی توہین کی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکا سے پوچھتا ہوں تم ہو کون مجھے کہنے والے کہ میں روس نہ جاؤں؟ بھارت امریکا کا اتحادی ہوتے ہوئے روس سے 30 سے 40 فیصد کم قیمت پر تیل خرید رہا ہے، بجائے ڈیزل کی قیمت بڑھانے کے بھارت قیمت کم کر رہا ہے، بھارت نے امریکا کو کہا کہ ہماری پہلی کوشش اپنے لوگوں کی خدمت اور پرواہ کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں امریکا کے غلاموں کی جرات نہیں روس سے تیل خریدنے کی، ان سے کسی نے پوچھا آپ روس سے تیل کیوں نہیں لے رہے ہیں، مفتاح اسماعیل نے جواب دیا کہ روس ہمیں آکر بتائے تیل کتنے میں دے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک کی بیماری زرداری، شہباز شریف، حمزہ ککڑی، رانا ثناء اللّٰہ قاتل، اس سے بڑی توہین کیا ہوسکتی ہے، 15 ایف آئی آرز مجھ پر کاٹی گئی ہیں، 15 ہزار ایف آئی آرز بھی کاٹ دیں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

 عمران خان نے کہا کہ جس جس پولیس والے نے ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا اس کا نام نوٹ کیا ہے، جس جس نے کارکنوں پر تشدد کیا ہے اس کا احتساب کریں گے، آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کان کھول کر سن لو، آپ کا تقرر میں نے کیا تھا، آپ کا تقرر اس لیے کیا تھا کہ آپ ایماندار ہیں لیکن جو آپ کر رہے ہیں وہ ایمانداری نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آئی جی پنجاب کان کھول کر سن لو یہ ایمانداری نہیں کہ حمزہ ککڑی کے کہنے پر غیرقانونی کام کریں، آپ جو الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کر رہے ہیں کان کھول کر سن لیں قوم آپ کو دیکھ رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ لوگوں کو خریدنے کے لیےحلقوں میں 10، 10 ہزار کے چیک بانٹ رہے ہیں،آپ ان سے پیسے لیں، لیکن ٹھپا بلے پر لگانا ہے۔

قومی خبریں سے مزید