بہت سے مینوفیکچررز اور کمپنیاں بڑی تعداد میں مصنوعات کی خریدو فروخت میں مشغول ہوتی ہیں اور یہ چیز انہیں روایتی طور پر ای کامرس پر کاروبار کرنے میں قدرے سست بناتی ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس پلیٹ فارم پر کسی بھی کمپنی کی موجودگی بھی ضروری ہوتی جارہی ہے۔ دوسری جانب، صارفین کی توقعات بڑھ رہی ہیں اور کورونا وبائی مرض نے سپلائی چین میں مزید لچک اور اس پر توجہ دینے کی ضرورت کو اُجاگر کیا ہے۔ کمپنیاں جب ای کامرس میں منتقلی پر غور کرتی ہیں تو انہیں ذیل میں درج کچھ تحفظات ہوتے ہیں۔
صارفین پر مبنی نقطہ نظر
حالیہ برسوں میں صارفین کی جانب سے خریداری میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے۔ نتیجے کے طور پر، صارفین کام کی جگہ پر مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں سے بھی بہتر معیار اور کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ یعنی وہ توقع کرتے ہیں کہ وہ آن لائن خریداری کریں، شپمنٹ کو ٹریک کریں اور اسی دن مصنوعات کی ڈیلیوری حاصل کرلیں۔ دنیا کی سب سی بڑی ای کامرس کمپنی نے اپنے صارفین کو بغیر کسی اضافی قیمت کے پہلے اگلے دن شپنگ اور پھر اسی دن شپنگ کی پیشکش کی، جس کے بعد یہ صارفین کی توقعات کے لیے تیزی سے اس صنعت کا ایک معیار بن گیا۔
صارفین کی جانب سے کم شپنگ ٹائم کی مانگ میں اضافے سے اخراجات اور مصنوعات و خدمات کی طلب کی لچک پر اثرات پڑتے ہیں جو کمپنیوں کے منافع کے مارجن کو متاثر کرتا ہے۔ اسی لیے ای کامرس پلیٹ فارم میں کمپنیوں کو شفافیت اور مرئیت کو ترجیح دیتے ہوئے مختلف اخراجات کے انتظام میں زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ای کامرس، کمپنی کو کیش فلومینجمنٹ پر توجہ مرکوز کرنے اور اخراجات کو آمدنی کے مطابق کرنے، نقد رقوم کی ادائیگی کو کم کرنے اور ممکنہ طور پر ادائیگی کی شرائط کو ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ یہ چیز مینوفیکچررز کو روایتی بہترین طریقوں پر رہتے ہوئے، اپنے صارفین کی ضروریات پر پوری طرح توجہ مرکوز کرنے کی اجازت دیتی ہے، جیسے کہ سامان کی ڈیلیوری جلدی نہیں بلکہ شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے۔
لاجسٹکس کی ڈیجیٹائزیشن
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کو چاہیے کہ لاجسٹکس چین اور پروسیس کو زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل بنائیں۔ بصورت دیگر، ان کے اخراجات میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ بالخصوص وہ کمپنیاں جو ای کامرس یا ملٹی چینل حکمت عملی کی طرف منتقل ہوتی ہیں، وہ خود کو اس طرح ممتاز کرتے ہوئے مستقبل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔
صنعت کیلئے اثرات
سرحد پار مال برداری کو ڈیجیٹائز کرنے سے پیچیدگیاں کم ہوتی ہیں، لیکن یہ ابھی تک ایک اہم حل نہیں ہے۔ بلکہ، انکریمنٹل رول آؤٹ پوری سپلائی چین میں پہلے سے موجود مسائل پر روشنی ڈالتا ہے جو پہلے غیر منظم تھے۔ بڑھتی ہوئی شفافیت کے ساتھ آگاہی اور جانچ میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگرچہ ای کامرس میں منتقلی کا دورانیہ کسی حد تک غیر آرام دہ ہوسکتا ہے، لیکن یہ بہت اہم ہے۔ کیوں؟ کیونکہ آج کے خریدار کے پاس عمل درآمد کا اعلیٰ معیار ہے اور وہ اپنے سوالات کا جواب چاہتا ہے جیسے کہ اس کا سامان کہاں ہے؟ وہ اس وقت کس کے پاس ہے؟ ٹیکس اور ڈیوٹیز کیا ہیں؟ کسٹم کی موجودہ صورتحال کیا ہے؟
جب تبدیلی آہستہ آہستہ ہوتی ہے تو سپلائی چین بہترین طریقے سے چلتی ہے، کووِڈ-19وبائی مرض نے بھی ای کامرس پلیٹ فارم پر جانے کی خوبی کو ظاہر کیا ہے۔تاہم قیمتوں کا تعین کرنا غیر یقینی ہوسکتا ہے کیونکہ ایئرکارگو کی قیمتیں کم زیادہ ہوتی رہتی ہیں اور سمندری مال برداری میں استعداد کے مطابق استعمال کم ہے، جس سے کمپنیوں کی شپمنٹ کو کم فوقیت ملنے کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ ای کامرس ٹولز آپ کو اس غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے میں مدد کرتے ہیں۔ کمپنیوں کی جانب سے ان ٹولز کو اپنانے کے بعد، ای کامرس تیزی سے معیار بن جائے گی کیونکہ کسی بھی کمپنی سے جڑے لوگ یا کمپنیاں اس سے ایسی ہی خدمات کا مطالبہ کرتی ہیں۔
اسمارٹ مینوفیکچررز ای کامرس پلیٹ فارم کو اپنانے میں تیزی لانے کے لیے وبائی مرض کو تجربے کے طور پر لیں گے اور پوری سپلائی چین میں اپنے ساتھ کام کرنے والی کمپنیوں کو بھی اسے اپنانے کا مطالبہ کریں گے۔ اس طرح نیٹ ورک کا اثر شروع ہو جائے گا اور یہ نظام کلیدی کارکردگی کے فوائد حاصل کرے گا، جیسے کہ لچک، شفافیت، اور پیش گوئی وغیرہ۔ زیادہ سے زیادہ کمپنیوں کی جانب سے ای کامرس کی طرف آنے سے صارفین کو بھی سہولت ہوگی۔
ڈیجیٹائزیشن کیلئے تجاویز
میکنزی، کئی کثیرالاقوامی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتی ہے، جس کی بنیاد پر وہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کے دوران کمپنیوں کو چھ تجاویز پیش کرتی ہے۔
جارحانہ لائحہ عمل اختیار کرنا: اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنے صارفین کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے اپنے ہی کاروباری ماڈل کو ہلاکر رکھ دیں۔
ڈیجیٹل ایکو سسٹم سے استفادہ کرنا: کمپنیاں ایسا لائحہ عمل ترتیب دیں، جس کے تحت وہ ملک کی بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کے ساتھ مل کر کام کرسکیں۔
انالیٹکس کا استعمال کرنا: ڈیجیٹل ڈیٹا کو حاصل اور اس کا سائنسی تجزیہ کرکے کمپنیاں اپنے لیے مسابقتی ماحول تخلیق کرسکتی ہیں۔
ڈیجیٹل انقلاب کیلئے تیاری کرنا: اس کا مطلب یہ ہے کہ اپنی کمپنیوں میں عہدوں کے مطابق طبقے کم کرتے ہوئے اسمارٹ ٹیمیں تشکیل دی جائیں، جو ڈیجیٹل انقلاب کو کم مزاحمت اور آسانی سے اپنانے کے لیے تیار ہوں۔
ڈیجیٹل آپریشنز: ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، عالمی معیشتوں کو تیزی سے تبدیل کررہی ہے اور کئی کمپنیاں نہیں جانتی کہ ڈیجیٹل دنیا میں کس طرح کام کیا جاتا ہے، انھیں اس کے لیے ابھی سے تیاری کرنا ہوگی۔
حکومت کے ساتھ روابط قائم کرنا: چھوٹے کاروباری اداروں کو حکومت کے ساتھ روابط پیدا کرنے چاہئیں کہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں کس طرح اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔