• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرزا گوہر رشید کس مشہور عالمِ دین کے نواسے ہیں؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار مرزا گوہر رشید مشہور عالمِ دین علّامہ غلام احمد پرویز کے نواسے ہیں۔

مرزا گوہر رشید نے ’جنگ‘ کو اپنے ایک خصوصی انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ  ’جب میں نے ہوش سنبھالا تو اس وقت تک نانا کا انتقال ہوچُکا تھا، ہمارے گھر کا ماحول بہت مثبت ہے، ہم بہت زیادہ آزاد خیال ہیں اور نہ ہی دقیانوسی، بچپن ہی سے اپنے بڑوں کو زندگی کے ہر معاملے میں میانہ روی اور اعتدال اختیار کرتے اور اپنی اقدار و ثقافت کے ساتھ چلتے دیکھا، ہمیں سختی سے بڑوں، چھوٹوں سے عزت سے پیش آنے کا درس دیا گیا ہے‘۔

اداکار گوہر نے کہا کہ ’خاندان میں پُرانی قدریں اب بھی زندہ ہیں،  میں جب بھی لاہور جاتا ہوں تو چاہے صُبح کا ناشتہ ہو، دوپہر یا رات کا کھانا، سب کے ساتھ کھاتا ہوں، اگر یہ ممکن نہ ہو تو شام کی چائے تو ہم سب لازماً ساتھ ہی پیتے ہیں، میرے نانا غلام احمد صاحب کی جو تعلیمات اور نظریہ تھا، وہی میرا بھی ہے، ہم نے دین کو جس قدر مشکل بنا دیا ہے، ہمارا دین ایسا نہیں، یہ تو بہت خوب صورت اور آسانیوں والا مذہب ہے‘۔

مرزا گوہر رشید نے اپنے بچپن اور کیریئر سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ بچپن میں کبھی ڈاکٹر بننے کی خواہش کی، کبھی پائلٹ بننے کے خواب دیکھے مگر پھر جوں جوں بڑے ہوئے تو خواب بھی بدل گئے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ میں جب کراچی آیا تو یہاں میری پہلی ملازمت ایک نجی چینل میں بطور لائن پروڈیوسر تھی، سو میرے کیریئر کی شروعات لائن پروڈیوسر کے شعبے ہی سے ہوئی اور بس، اُس کے بعد راہیں کُھلتی چلی گئیں، اس کے بعد ریڈیو، ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں بھی کام کیا۔

مرزا گوہر رشید کا مزید کہنا ہے کہ اداکاری کے شعبے میں جب قدم رکھا تو والد کی جانب سے غصے کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ والدہ نے بہت حوصلہ افزائی کی۔

اُن کا اپنے ڈراموں سے تعلق پر بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ  میرا ڈرامہ سیریل ’ڈائجسٹ رائٹر‘ بہت ہٹ بھی ہوا تھا، اس کے بعد مَن مائل، عشقیہ، رازِ الفت، لاپتہ بھی بے حد پسند کیے گئے جبکہ فلموں میں ’رنگ ریزہ‘ اور ’سِیڈلنگز‘ ہٹ رہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید