برطانیہ ان دنوں شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے، لندن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہفتے سے منگل تک برطانیہ میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے بیشتر حصوں کیلئے ہفتہ سے منگل تک ایمبر الرٹ جاری کردی ہے۔ ایمبر الرٹ کا مطلب ایسا گرم موسم ہے جس کے سبب شدید بیمار ہونے اور جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کو درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ گرمی کی موجودہ لہر کا سبب یورپ سے آنے والی براعظمی گرم ہوائیں اور زیادہ دباؤ ہے۔ آئندہ دو روز میں موسم قدرے بہتر ہونے کے بعد اختتام ہفتہ پر درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ تک ہو جائے گا۔
ادھر حکام نے ہیلتھ اینڈ سوشل ورکرز کو معمر اور کمزور افراد کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ لندن ایمبولینس سروس نے کہا ہے کہ صرف جان کے خطرے پر 999 پر کال کی جائے۔
ایمبولینس سروس نے لوگوں کو پانی پیتے رہنے اور سورج کی کرنوں سے بچنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب لندن کے میئر صادق خان نے شہر کے تمام کونسل والوں کو خط لکھ کر بےگھر افراد کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں 2020 میں گرم موسم کے سبب ڈھائی ہزار اموات ہوئی تھیں۔