ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر حملوں کے دوران مجھے بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، میرے قتل کی کوشش کے پیچھے امریکا نہیں اسرائیل تھا۔
انھوں نے کہا کہ میں ایک میٹنگ میں شریک تھا جب اس علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کو مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونے پر کوئی مسئلہ نہیں ہے، مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونا مشروط ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم امریکا پر ایک بار پھر کیسے یقین کرلیں؟ کیسے یقین کرلیں کہ بات چیت کے دوران اسرائیل کو دوبارہ ایران پر حملے کی اجازت نہیں دی جائے گی؟
ایرانی صدر نے کہا کہ سپریم لیڈر خامنہ ای کو یقین ہے امریکی سرمایہ کار ایران آسکتے ہیں، خامنہ ای سے ہماری بات چیت ہوئی تھی، ان کا ماننا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کی ایران میں سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں، یہ اسرائیل ہے جو خطے میں امن قائم نہیں ہونے دیتا۔