• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم کارڈیشین بننے کیلئے ماڈل نے سرجریز پر 4 کروڑ روپے لگا دیے

برازیلین ماڈل جینیفر پامپلونا
برازیلین ماڈل جینیفر پامپلونا

برازیلین ماڈل جینیفر پامپلونا جنہوں نے کم کارڈیشین کی طرح بننے کے لیے 4 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے تھے، اب دوبارہ خود جیسا دِکھنے کے لیے 95 لاکھ روپے خرچ کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 29 سالہ برازیلین ماڈل نے گزشتہ 12 سال میں کارڈیشین کی طرح بننے کے لیے تقریباً 40 کاسمیٹک سرجریاں کروائیں، آخر کار ماڈل کو احساس ہوا کہ اس کی اصلی پہچان اپنی شخصیت ہونی چاہیے۔

جینیفر نے کہا کہ لوگ مجھے کارڈیشین کہیں گے اور یہ پریشان کُن ہونے لگا، میں نے کام کیا، تعلیم حاصل کی اور میں ایک کاروباری خاتون تھی، میں نے یہ تمام کامیابیاں اپنی ذاتی زندگی میں حاصل کی تھیں لیکن مجھے صرف اس لیے پہچانا جا رہا تھا کہ میں کارڈیشین کی طرح نظر آتی تھی۔

ماڈل نے کہا کہ میں نے دریافت کیا کہ میں سرجری کی عادی تھی لیکن میں خوش نہیں تھی، میں اپنے چہرے پر ایسے فلر لگا رہی تھی جیسے میں سُپر مارکیٹ میں ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک نشہ تھا، میں شہرت اور پیسوں کی وجہ سے سرجری کے چکر میں پڑ گئی، میں نے ہر چیز پر اپنا کنٹرول کھو دیا تھا، میں بہت مشکل وقت سے گزری۔

جینیفر نے یہ بھی کہا کہ وہ کئی سالوں سے پریشان تھیں کیونکہ وہ اپنی اصل شکل چاہتی تھیں، اس دوران اُن کی استنبول میں ایک ڈاکٹر سے ملاقات ہوئی جس نے ماڈل کو اُن کی اصلی شکل میں واپس لانے میں مدد کرنے کا یقین دلایا۔

ماڈل کو ڈیٹرانزیشن سرجری کے دوران پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن اب وہ صحت یاب ہو رہی ہیں۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ بہترین احساس یہ ہے کہ میں اب اپنے ساتھ لڑائی میں نہیں ہوں، میں اب وہی ہوں جو میں بننا چاہتی تھی اور میں اب زندگی کے معنی کو سمجھتی ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید