بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی ہمشیرہ پریانکا سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ 2019 سے سوشانت کی زندگی برباد ہونا شروع ہوئی کیونکہ ریا چکرورتی اس سال ان کی زندگی میں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا کہ میرے اپنے بھائی کے ساتھ اختلافات پیدا ہوئے۔
جب پریانکا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ کسی نے منصوبہ بندی کے تحت ریا کو ان کی زندگی میں بھیجا تو انہوں نے جواب دیا "جی ہاں، بالکل۔"
آنجہانی اداکار کی بہن نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور جہیز کے چکر میں خودکشی اور دیگر ہولناک اموات دیکھ چکی ہوں جس میں آنکھیں اور زبان باہر آجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کے ساتھ ایسا کوئی معاملہ نہیں ہوا، میں سشانت کی وفات کے کچھ روز بعد اس کے کمرے میں گئی اور چھت کو دیکھا تو احساس ہوا کہ وہ یہ خود سے نہیں کر سکتا تھا۔
پریانکا نے بتایا کہ میں نے وہ جگہ دیکھی جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہاں میرے بھائی کی لاش لٹکی ہوئی تھی لیکن بیڈ اور پنکھے کے درمیان جو فاصلہ تھا وہ سشانت کے قد جتنا بھی نہیں تھا۔
یاد رہے کہ 14 جون 2020 کو سشانت سنگھ اپنی رہائشگاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
سشانت کی موت کے بعد ان کے والد نے ریا چکرورتی کے خلاف خودکشی پر مجبور کرنے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی ایف آئی آر درج کروائی۔