ممبئی (این این آئی)بولی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی ہمشیرہ پریانکا سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ 2019سے سشانت کی زندگی برباد ہونا شروع ہوئی کیونکہ ریا چکرورتی اس سال ان کی زندگی میں آئیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا کہ میرے اپنے بھائی کے ساتھ اختلافات پیدا ہوئے۔ جب پریانکا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ کسی نے منصوبہ بندی کے تحت ریا کو ان کی زندگی میں بھیجا تو انہوں نے جواب دیاجی ہاں، بالکل۔آنجہانی اداکار کی بہن نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور جہیز کے چکر میں خودکشی اور دیگر ہولناک اموات دیکھ چکی ہوں جس میں آنکھیں اور زبان باہر آجاتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کے ساتھ ایسا کوئی معاملہ نہیں ہوا، میں سشانت کی وفات کے کچھ روز بعد اس کے کمرے میں گئی اور چھت کو دیکھا تو احساس ہوا کہ وہ یہ خود سے نہیں کر سکتا تھا۔پریانکا نے بتایا کہ میں نے وہ جگہ دیکھی جس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہاں میرے بھائی کی لاش لٹکی ہوئی تھی لیکن بیڈ اور پنکھے کے درمیان جو فاصلہ تھا وہ سشانت کے قد جتنا بھی نہیں تھا۔یاد رہے کہ14جون2020کو سشانت سنگھ اپنی رہائشگاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔سشانت کی موت کے بعد ان کے والد نے ریا چکرورتی کے خلاف خودکشی پر مجبور کرنے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی ایف آئی آر درج کروائی۔