اسلام آباد(وقائع نگار) سینٹ میں اپوزیشن لیڈر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ٹی آر اوز کے معاملے پر حکومت کچھ نہیں کرنا چاہتی،حکومتی کمیٹی وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کو صاف بچانا چاہتی ہے۔ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہوا اور ہم بند گلی میں چلے گئے تو یہ حکومت کیلئے تباہ کن ہوگا۔ یہ صورتحال انتہائی سنگین ہے اور اگرحکومت یہ سمجھتی ہے کہ وہ تاخیری حربے کرکے پانامہ لیکس سے جان چھڑا لے گی تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ عوام کرپشن اور پانامہ لیکس پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور یہ باتیں گھر گھر ہورہی ہیں۔ عوام برملا یہ بات کررہے ہیں کہ حکمران ملکی دولت بیرون ملک منتقل کرکے او روہاں فیکٹریاں لگا کر ملک کو کنگال کررہے ہیں اور ہمیں غریب سے غریب تر بنا رہے ہیں۔ ملک بے روزگاری اور غربت کا شکار ہے مگر حکمران اپنی دولت باہر منتقل کرکے عیاشیاں کررہے ہیں یہ باتیں حکومت کیلئے زہر قاتل ثابت ہونگی، اگر ہم بند گلی میں چلے گئے تو یہ حکومت کے لئے تباہ کن ہوگا ۔ ایک سوال پر تو اعتزاز احسن نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں یکجا رہیں گی، ٹی او آرز پر حکومت نے اتفاق نہ کیا اور بند گلی میں چلے گئے تو سار ا الزام حکومت پر آئے گا اور حکومت اس کو اتنی جلد ہضم نہیں کرسکے گی، جتنا نقصان حکومت کا ہوگا اس کا شاید اسے اندازہ نہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش رہی ہے اور رہے گی کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہو اور ملک معاشی طور پر اپنے قدموں پر کھڑا ہوجائے۔ حکومت کو ٹی او آرز پر اتفاق کرلینا چاہیے ورنہ بعد کی صورتحال کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوگی۔