سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور پی پی 217 سے پی ٹی آئی کے امیدوار زین قریشی نے کہا ہے کہ ہم مسٹر وائے سے دور عوام میں رہتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران زین قریشی نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ پورے پاکستان میں گھر گھر پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالف امیدوار سلمان نعیم کو تمام پی ڈی ایم اور پنجاب حکومت کی بھی سپورٹ ہے، لوگ فیصلہ کرچکے ووٹ پاکستان کو بچانے کے لیے دینا ہے۔
پی ٹی آئی امیدوار نے مزید کہا کہ سلمان نعیم کو پنجاب انتظامیہ کی سپورٹ ہے، سرکاری امیدوار وہ ہیں لیکن ووٹ عوام کا ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ سلمان نعیم کو آزاد حیثیت میں جو ووٹ ملا تھا وہ پی ٹی آئی کا تھا،انہوں نے جگہ جگہ عمران خان کے ساتھ اپنی تصاویر لگائی تھی۔
زین قریشی نے یہ بھی کہا کہ 16، 4 کا فارمولہ پتا نہیں ان کو کس نے دیا ہے، ہمیں عوام پر یقین ہے، جس نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنا ہے کل ان کے تمام جمع تفریق کی قلعی کھل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سلمان نعیم کے دفتر کے باہر موٹر سائیکل کھڑے تھے، وہ 20 ووٹوں پر دے رہے تھے، اُس دفتر کے باہر جو بینر تھا، اُس کو ایڈیٹ کرکے میرا نام ڈال دیا گیا۔