• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی انتخاب میں عمران خان، ن لیگ کے ووٹ برابر ہیں، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے نزدیک حالیہ ضمنی انتخابات میں عمران خان اور ن لیگ کے ووٹ برابر ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ میں نے زندگی میں ایسے الیکشن نہیں دیکھے، مجھے ایسا لگتا ہے کہ کل عام انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس قسم کے حالات، واقعات اور ملاقاتیں ہو رہی ہیں وہ بھی فیصلہ کرنے جارہے ہیں، 45 دنوں میں اہم فیصلے اور اہم چیزیں ہوں گی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ بعض اہم معاملات پر اتحادیوں میں اختلاف ہے، ان معاملات پر بھی فیصلہ ان دنوں میں ہو گا، قومی اسمبلی میں بھی ممبر ناراض بیٹھے ہیں چٹکیوں میں حکومت ختم ہوسکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں نے تحریک انصاف کے جلسے بھی دیکھے ہیں اور ن لیگ کے بھی، پی ٹی آئی 12 سیٹیں جیت لیتی ہے تو میرا خیال ہے کہ پھر عام انتخابات ہوں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اس وقت قومی ہیرو کے طور پر ہیں، اس کے خلاف یہ 13، 14 پارٹیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، ملک میں اکتوبر میں عام انتخابات کرادیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان حساس وقت سے گزر رہا ہے، ہمیں اپنے جذبات پر قابو رکھنا ہو گا، کوئی غیر آئینی اور غیرقانونی کام آج کے دور میں نہیں ہوسکتا۔

شیخ رشید نے کہا کہ میری کسی سے بات نہیں ہوئی نہ کسی نے فون کیا، میں عمران خان کے ساتھ ہوں، میں نے ان کو پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اگر اختلافات آئے تو میں عمران خان کے ساتھ ہوں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر دھاندلی نہ ہوئی اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی تو عمران خان جیت جائیں گے، بیانیہ اور اعلامیہ نے عمران خان کو ہیرو بنادیا ہے یہ بیوقوف ہیں زمینی حقائق کا اندازہ نہیں۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو الزامات سے بچانا چاہتا ہوں اور بچا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں، کل کے دن ملک کو ایسی صورتحال میں نہیں جانے دینا چاہیے کہ کوئی آفت آجائے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتا پلان کیا ہے عمران خان جو کہیں گے ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، عمران خان پاکستان میں عام انتخابات چاہتے ہیں، تین پارٹیاں الگ ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمان، شہباز شریف، آصف زرداری کا ایک موقف ہے نواز شریف کا الگ موقف ہے، مولانا فضل الرحمان منیٰ میں ہیں، وہاں شیطان کو کنکریاں مار رہے ہیں حالانکہ یہاں بھی کئی شیطان ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، شاہد خاقان، مفتاح گروپ نے اسحاق ڈار کو نہیں آنے دیا، سیاست میں ٹھہراؤ پیدا نہیں ہورہا ، ملک ڈیفالٹ ہونے والے ملکوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر آگیا۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کیا پولیس اس قابل بھی نہیں کہ 25 کو بھی رینجرز نے خامخواہ بدنامی مول لی، کل عمران خان کی 12، 13 سیٹیں آجاتی ہیں تو 21 تاریخ سے ہی دباؤ نظر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیلاب نے جو صورتحال بنائی اس نے ایم کیو ایم کا ستیاناس کردیا، سندھ کی صورتحال بہت خراب ہے، لسانی مسئلہ تیزی سے پھیل رہا ہے ، پنجاب میں بھی ٹینشن پھیل جاتی ہے تو کس کے پاس کیا حل ہے۔

قومی خبریں سے مزید