• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انور مقصود کا سیاسی طنزیہ تھیٹر ڈراما ’ساڑھے 14 اگست‘ کب پیش ہوگا؟

سیاسی طنزیہ تھیٹر ڈراما ’ساڑھے 14 اگست‘ کی کاسٹ کے ساتھ انور مقصود موجود ہیں—جنگ فوٹو
سیاسی طنزیہ تھیٹر ڈراما ’ساڑھے 14 اگست‘ کی کاسٹ کے ساتھ انور مقصود موجود ہیں—جنگ فوٹو

ممتاز، اسکالر، اسکرپٹ رائٹر، لکھاری، مزاح نگار انور مقصود کا شاہ کار سیاسی طنزیہ تھیٹر ڈراما ’ساڑھے 14 اگست‘ یومِ آزادی پر پیش کیا جائے گا۔

 انور مقصود کا 3 حصوں پر مشتمل سیاسی طنزیہ تھیٹر ڈرامہ 14 اگست کے سلسلے کا آخری حصہ لوگوں کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہے۔

کاپی کیٹس پروڈکشن اور انور مقصود کے شاہ کار ڈرامے کا تیسرا اور آخری حصہ ’ساڑھے 14 اگست‘ پاکستان کی 75 ویں جشن آزادی کے موقع پر 14 اگست، 2022ء کو پیش کیا جائے گا۔

داور محمود کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان میں پیش کیا جائے گا۔

تھیٹر ڈرامے کی کہانی 2 کرداروں جناح اور گاندھی سے لوگوں کی طرف سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تقسیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے گرد گھومتی ہے۔

جناح اور گاندھی لوگوں کا ردِعمل دیکھنے کیلئے 4 شہروں (کشمیر، لاہور، دہلی اور لندن) کا دورہ کرتے ہیں اور تقسیم کے فیصلے کے درست یا غلط ہونے کے الزامات کے خلاف ایک کیس کا دفاع کرتے ہیں۔

ماضی میں جناح اور گاندھی تقسیم کے حامی نہیں تھے وہ صرف برطانوی راج سے چھٹکارا چاہتے تھے، دونوں رہنماؤں نے مسلم اکثریتی علاقوں میں مسلم حکومت پر اتفاق کیا تھا لیکن نہرو نے اس سے اتفاق نہیں کیا جس کے نتیجے میں برصغیر 2 حصوں پاکستان اور بھارت میں تقسیم ہو گیا۔

ڈرامے کا آفیشل ٹیزر 16 جولائی 2022ء کو جاری کیا گیا تھا، جس کے کلپ میں2 سپر پاور رہنما جناح اور گاندھی کو دکھایا جاتا ہے جو ایک ہی بینچ پر بیٹھے ہوتے ہیں اور ان کے درمیان فرق کے بارے میں جھگڑا ہوتا ہے جبکہ ایک کیمرہ مین دونوں کی بہترین تصویر ایک ساتھ لینے کی کوشش کرتا ہے، بالآخر انور مقصود خود آ کر ڈرامے کے آغاز کا اعلان کرتے ہیں۔

انور مقصود کا کہنا ہے کہ 2011ء میں ہم نے پونے 14 اگست کیا، لوگوں نے کہا کہ 14 اگست کیوں نہیں، میں نے کہا کہ جس دن 14 اگست ہوگی تب اعلان کر دیں گے، اس کے 3 سال بعد ہم نے سوا 14 اگست کیا، اور اب یہ اس سلسلے کی آخری کڑی ہے۔

تھیٹر ڈرامے کی کہانی کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پونے 14 اگست‘ اور ’سوا 14 اگست‘ کی کامیابی کے بعد اس سلسلے کی آخری کڑی کی کہانی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تقسیم کے گرد گھومتی ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے داور محمود نے کہا کہ انور مقصود ہمارے ملک کے لیجنڈ ہیں، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم مل کر لوگوں کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

2011ء میں انور مقصود نے کاپی کیٹس پروڈکشن کے ساتھ اشتراک سے ڈرامے کے لیے بہت ہی منفرد خیال پر کام کیا جسے پاکستان کے یوم آزادی 14 اگست پر پیش کیا گیا۔

حب الوطنی پر مبنی داستان کا عنوان ’پونے 14 اگست‘ تھا، طنز، جذبات اور مزاح کے عناصر کے ساتھ یہ ڈرامہ بہت زیادہ مقبول ہوا، چند سال بعد 2013ء میں پہلے ڈرامے کا سیکوئل ’سوا 14 اگست‘ کے عنوان سے پیش کیا گیا۔ 

ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد انور مقصود نے اس سریز کا آخری حصہ لکھا ہے، جو اب آگے بڑھ کر ’ساڑھے 14 اگست‘ تک پہنچ گیا ہے، اس ڈرامے میں اب زاہد احمد، یاسر حسین، گوہر رشید اور کئی دوسرے قابلِ ذکر مشہور اداکار شامل ہیں۔

ان تمام ڈراموں نے سیاسی تبصروں اور طنز کو انتہائی روشن خیال انداز میں ضم کرنے کی اپنی مخصوص صلاحیت کی وجہ سے ملک گیر کامیابی حاصل کی۔

’ساڑھے 14 اگست‘ اگست سے اکتوبر تک ملک بھر کے تھیٹرز میں ہو گا جبکہ ڈرامے کا افتتاحی شو کراچی میں آرٹس کونسل آف پاکستان میں ہو گا اس کے بعد اسے لاہور اور اسلام آباد میں دکھایا جائے گا۔ 

ٹکٹس آن لائن دستیاب ہیں اور بہت جلد بٹلرز اور ویونیو پر دستیاب ہوں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید