• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ڈویژن‘ اضلاع اور تحصیلوں میں 32سستے رمضان بازار لگیں گے

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ماہ صیام کے دوران راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع اور تحصیلوں میں مجموعی طور پر32 سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ ضلع راولپنڈی میں 16‘ ضلع اٹک میں 6‘ ضلع چکوال میں 5اور جہلم میں 5سستے رمضان بازار لگیں گے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت محمود نے بدھ کو وڈیو لنک کے ذریعے اٹک، جہلم اور چکوال کے اضلاع کے ڈی سی اوز کے اجلاس میں رمضان بازاروں کے قیام کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق سستے رمضان بازاروں میں شہریوں کو سستے داموں روزانہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ناجائز منافع خوری کی روک تھام، مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فروخت، سکیورٹی اور دیگر امور کے بارے میں فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ  سستے رمضان بازاروں میں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پہلی مرتبہ55 انچ کی بڑی ایل سی ڈیز نصب کی جائینگی جہاں اشیائے صرف کے نرخ ڈسپلے کئے جائینگے۔ کمشنر  نے کہا کہ ڈی سی اوز اشیاء کے نرخنامے جاری جبکہ پرائس مجسٹریٹس عملدرآمد یقینی بنائینگے۔
تازہ ترین