کراچی (اسد ابن حسن) لاہور ایئرپورٹ سے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو کراچی میں درج مقدمے میں نامزد تھا- ملزم الطاف حسین کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ٹیم کراچی لے آئی ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہے- تفصیلات کے مطابق21دسمبر2021ء کو ایک مسافر شبیر سوازی لینڈ جا رہا تھا، اس کو دوحہ ایئرپورٹ پر سوازی لینڈ کا جعلی ویزا چسپاں ہونے پر آف لوڈ کرکے واپس کراچی بھیج دیا گیا- مسافر کو اے ایچ ٹی سرکل کے حوالے کر دیا گیا جہاں دوران تفتیش اس نے انکشاف کیا کہ اس نے ساؤتھ افریقہ میں نوکری پر جانے کے سلسلے میں گوجرانوالہ کے ایک ایجنٹ الطاف حسین سے رابطہ کیا اور معاملہ دو لاکھ میں طے پایا- مذکورہ تاریخ کو وہ کراچی آیا جہاں اس کو سب ایجنٹ علی نے ویزا لگا پاسپورٹ حوالے کیا اور اس نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ بورڈنگ کارڈ لے کر ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر پر رپورٹ کیا جہاں اسے ’’کلیئر‘‘ کرکے فلائٹ پر روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ جب شبیر دوحہ پہنچا تو وہاں کے امیگریشن حکام نے سوازی لینڈ کا جعلی ویزا ہونے پر کراچی واپس بھیج دیا۔ اس پر اس کے خلاف گزشتہ برس مقدمہ نمبر 177/2021درج کیا گیا اور مقدمے میں اس کے ساتھ انسانی اسمگلر الطاف حسین کو بھی نامزد کیا گیا (سب ایجنٹ علی اور امیگریشن افسران کو نامزد نہیں کیا گیا) کچھ عرصے بعد الطاف حسین کا نام بلیک لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔ الطاف منگل کو لاہور ایئر پورٹ سے بیرون ملک جا رہا تھا کہ اس کا نام امیگریشن پر ہٹ ہوا جس پر اس کو روک لیا گیا اور کراچی اے ایچ ٹی سرکل کو مطلع کیا گیا اور اس کو کراچی منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے-