تہران (جنگ نیوز )ایران میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 21افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتا ہوگئے،دوسری جانب دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے ایران میں سیلاب سے قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور قدرتی آفت کی وجہ سے زخمی ہونے والوں کی فوری صحت یابی کے لیے دعاگوہ ہیں۔دفترخارجہ نے بیان میں کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے جنوبی صوبے میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں 21افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔اے ایف پی کے مطابق صوبہ فارس کے گورنر یوسف کارگر کے حوالے سے بتایاگیا کہ گزشتہ روز استبھان کے مرکزی علاقوں ایج اور رودبائی میں شدید بارش ہوئی اور سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے نتیجے میں 21افراد جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں استبھان کے علاقے سے نکال لی گئی ہیں اور ان میں سے 13 کی شناخت ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ تاحال مزید 6 افراد لاپتا ہیں۔فارس کے گورنر نے بتایا کہ بڑی تعداد میں مقامی اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے سیاح دریا کنارے موجود تھے جہاں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے سیلاب آیا۔مقامی اور سوشل میڈیا میں جاری کی گئیں ویڈیوز میں دریا کے پانی میں کاروں کو بہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔