• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: سہراب گوٹھ جرائم کا گڑھ، تاجر قتل

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کا علاقہ سہراب گوٹھ ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کا گڑھ بنتا جا رہا ہے، ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ایک بچے کے باپ اور لکڑی کے تاجر کو 4 گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ پر الآصف اسکوائر کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جنید سومرو نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔

مقتول کے کزن الطاف سومرو نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سب فارم ہاؤس پکنک کے لیے جا رہے تھے کہ سہراب گوٹھ کے قریب گاڑی خراب ہو گئی۔

الطاف سومرو کا کہنا ہے کہ جنید گاڑی سے باہر کھڑا تھا، 2 ڈاکوؤں نے مقتول سے موبائل فون چھینا اور لوٹ مار کرنے لگے جس پر اس نے مزاحمت کی تو ملزمان جنید کو 4 گولیاں مار کر فرار ہوگئے، مقتول ایک بچے کا باپ تھا اور لکڑی کا کاروبار کرتا تھا۔

سعید آباد: فائرنگ سے 1 شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

دوسری جانب سعید آباد میں کباڑی چوک پر فائرنگ سے ایک شخص عمران جاں بحق جبکہ نسیم زخمی ہوگیا، پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

جاں بحق ہونے والے عمران اور زخمی نسیم کے دوست مراد نے بتایا ہے کہ ہم ہوٹل پر چائے پی رہے تھے کہ گلی میں سے ہم پر فائرنگ ہوئی۔

پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ڈاکو سمجھ کر گولی چلائی، ملزم ٹینکر ڈرائیور ہے جبکہ مقتول زمینوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا۔

کورنگی: لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد

ادھر ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی ڈھائی نمبر کے علاقے میں ایک لڑکی کی گھر سے پھندا لگی لاش ملی ہے، جس کی شناخت 18 سالہ ماہ نور کے نام سے ہوئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید