ایران اپنی جوہری تنصیبات میں نصب عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے کیمروں کو جوہری معاہدے کی بحالی تک بند رکھے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی کا کہنا ہے کہ جوہری معاہدے کی بحالی تک اقوام متحدہ کی ایجنسی کے کیمروں کو نہیں کھولا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے کیمروں کی تنصیب جوہری معاہدے سے وابستہ ہے، مغربی ممالک کے جوہری معاہدے میں واپس آنے اور ان کی طرف سے کوئی شرارت نہ ہونے کی یقین دہانی کے بعد ہی کیمروں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ ایران نے اپنی جوہری تنصیبات میں نصب اقوام متحدہ کی جوہری توانائی ایجنسی کے کیمروں کو جون میں بند کر دیا تھا۔