ہالی ووڈ اداکار جانی ڈیپ نے سابقہ اہلیہ ایمبر ہرڈ کی جانب سے ہتکِ عزت کیس کے خلاف عدالت میں اپیل دائر کرنے پر تحریری جواب جمع کروادیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جانی ڈیپ نے ایمبر ہرڈ کی جانب سے ہتکِ عزت کیس کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی اپیل کے جواب میں 2 ملین ڈالرز کے ہتکِ عزت کے ہرجانے کی اپیل کی تھی جو ورجینیا کی جیوری کی جانب سے جون میں مقدمے کی سماعت کے دوران ان کی سابق اہلیہ پر کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ایمبر ہرڈ نے ملٹی ملین ڈالر کے ہتکِ عزت کے مقدمے میں جیوری کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جو وہ اپنے سابقہ شوہر، اداکار جانی ڈیپ کے خلاف ہار گئی تھیں۔
واضح رہے کہ ورجینیا کی عدالت نے جانی ڈیپ کے ہتکِ عزت کے دعوے کا فیصلہ ان کے حق میں سناتے ہوئے ایمبر ہرڈ کو نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے اپنے سابق شوہر کو 15 ملین ڈالرز معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ جانی ڈیپ کو اپنی سابقہ اہلیہ کو 2 ملین ڈالرز کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔
اس کیس کے فیصلے میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ 2018ء میں اپنے ایک مضمون میں ایمبر ہرڈ نے جانی ڈیپ کو بدنام کرنے کی کوشش کی تھی، جس میں انہوں نے یہ کہا تھا کہ سابق شوہر نے انہیں گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔